بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن نے حالیہ دنوں اسلام آباد کے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد صوبے کے تمام ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس میں فائر سیفٹی، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور انخلا کے انتظامات فوری طور پر یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
بلوچستان ہیلتھ کیئرکمیشن نے تمام طبی مراکز میں فائر سیفٹی اقدامات لازمی قراردیدیا

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 27 اگست (اے پی پی):بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن نے حالیہ دنوں اسلام آباد کے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد صوبے کے تمام ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس میں فائر سیفٹی، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور انخلا کے انتظامات فوری طور پر یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
ہیلتھ کیئرکمیشن کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق بالخصوص تہہ خانوں یا متعدد بیسمنٹ لیولز والے اسپتالوں، نرسریوں، نیونیٹل انٹینسیو کیئر یونٹس ،انتہائی نگہداشت کے یونٹس ،آپریشن تھیٹرز اور دیگر ہائی رسک یونٹس میں فائر سیفٹی اور ایمرجنسی تیاری کے تقاضوں کی فوری جانچ، بہتری اور مکمل تعمیل یقینی بنائی جائے۔ کمیشن نے تمام طبی مراکز کو ہدایت کی ہے کہ مناسب اور فعال فائر ایکسٹنگوشرز، ہائیڈرینٹس، فائر الارمز، دھوئیں اور حرارت کی نشاندہی کرنے والے نظام اور فائر سپریشن سسٹمز دستیاب رکھے جائیں جبکہ ان کی باقاعدہ انسپیکشن، ٹیسٹنگ، مرمت اور ری فلنگ کا ریکارڈ بھی محفوظ رکھا جائے۔ ایڈوائزری میں طبی، نرسنگ، ٹیکنیکل، انتظامی اور معاون عملے کی فائر پریوینشن، ایمرجنسی رسپانس اور محفوظ انخلا کے حوالے سے باقاعدہ تربیت اور ریفریشر ٹریننگ لازمی قرار دی گئی ہے۔
ہنگامی صورتحال میں عملے کی ذمہ داریاں بھی واضح اور تحریری طریقہ کار کے تحت مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن نے اسپتالوں اور دیگر طبی مراکز میں وقتا فوقتا فائر اور ایویکیویشن ڈرلز کرانے، ان ڈرلز کی دستاویزات مرتب کرنے، سامنے آنے والی خامیوں اور ان کے تدارک کے اقدامات کا ریکارڈ رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ایڈوائزری کے مطابق ایمرجنسی ایگزٹس، سیڑھیوں اور انخلا کے راستوں کو واضح طور پر نشان زد، کھلا اور فعال رکھا جائے، جبکہ تہہ خانوں اور ایسے یونٹس جہاں شدید بیمار یا خود سے حرکت نہ کر سکنے والے مریض موجود ہوں، وہاں محفوظ انخلا پر خصوصی توجہ دی جائے۔ کمیشن نے فائر ایگزٹ اور ایمرجنسی سائن ایج، راہداریوں، سیڑھیوں، ایگزٹس، بیسمنٹس اور دیگر اہم مقامات پر فعال ایمرجنسی لائٹنگ کی فراہمی اور انخلا کے راستوں کو ہر وقت رکاوٹوں سے پاک رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق فائر سیفٹی اور ایمرجنسی پریپئرڈنس کے اشاریے KP&SA اور MSDS کے تحت تمام ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس کے لیے لازمی ریگولیٹری تقاضے ہیں۔ ان تقاضوں پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹ پروویژنل یا ریگولر لائسنس کے لیے نااہل قرار دی جاسکتی ہے۔ ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ فالو اپ انسپیکشن کے دوران پہلے سے رجسٹرڈ یا لائسنس یافتہ ادارہ فائر سیفٹی تقاضوں کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن لائسنس منسوخ یا رجسٹریشن ختم کرسکتا ہے۔ کمیشن نے تمام ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس کو فوری طور پر اپنی خامیوں کا جائزہ لے کر انہیں دور کرنے اور متعلقہ ریکارڈ آئندہ معائنوں کے لیے محفوظ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے معاملے کو مریضوں، عملے اور عوام کے تحفظ کے لیے انتہائی فوری قرار دیا ہے۔








