وفاقی وزیر داخلہ کی زیر صدارت ایف آئی اے زونل آفس لاہور میں اجلاس، انسانی سمگلنگ، حوالہ ہنڈی ، جرائم پیشہ گینگز کے خلاف کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے زونل آفس لاہور کا دورہ کیا اور خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔

لاہور۔27اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے زونل آفس لاہور کا دورہ کیا اور خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں ایف آئی اے زونل آفس کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ، انسانی سمگلنگ، حوالہ ہنڈی اور جرائم پیشہ گینگز کے خلاف کارروائیوں سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے زونل آفس کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث مافیا کے خلاف موثر کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی مافیا کی پوری چین کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔محسن نقوی نے کہا کہ جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈان ایف آئی اے کی ذمہ داری ہے، اس ضمن میں عملی نتائج نظر آنے چاہئیں۔ ایف آئی اے افسروں اور عملے کو ہر ممکن سہولتیں اور وسائل فراہم کر رہے ہیں اور مزید بھی کریں گے۔

اجلاس میں ملک بھر کے ایئرپورٹس پر امیگریشن کاونٹرز پر نصب پرانے کیمروں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل کیمروں کی تنصیب کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔ شکایات کے اندراج کے لیے پاک آئی ڈی ایپ کی خدمات حاصل کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا۔ڈائریکٹر ایف آئی اے زونل آفس لاہور نے اجلاس کو اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیش رفت اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک برس کے دوران 1670 ایف آئی آرز درج کی گئیں جبکہ 5 ہزار انکوائریز میں سے 4 ہزار انکوائریز نمٹائی گئیں۔ اس دوران 295 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے، ڈائریکٹر ایف آئی اے زونل آفس لاہور اور تمام سرکل انچارجز نے شرکت کی۔

مزید خبریں