بٹیروں کی بڑی کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام، جنگلی خرگوش، بٹیر اور طوطوں کے غیرقانونی شکارکے الزام میں 12 ملزمان گرفتار

بٹیروں کی بڑی کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام، جنگلی خرگوش، بٹیر اور طوطوں کے غیرقانونی شکارکے الزام میں 12 ملزمان گرفتار

لاہور۔27اگست (اے پی پی):محکمہ جنگلات نے مختلف کارروائیوں کے دوران بٹیروں کی بڑی کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے جنگلی خرگوش، بٹیر اور طوطوں کے غیرقانونی شکارکے الزام میں 12 ملزمان کو گرفتار کیا۔ترجمان کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر راجن پور صائمہ محسن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تحصیل جام پور میں بھوک سے نڈھال ایک نایاب گدھ کو بروقت ریسکیو کرکے خوب خاطر تواضع اور مکمل بحال ہونے کے بعد اس کے حقیقی مسکن میں آزاد کردیا نیز ایک دوسری کارروائی میں بٹیر کے 12نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے قانونی چارہ جوئی شروع کردی ۔

ایک اور کامیاب کارروائی کے دوران ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر لاہور ریجن سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجر قصور نے طوطوں کی نیٹنگ میں مصروف ایک شخص کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 2را طوطے اور 8گانیدار طوطے برآمد کرکے مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کرادی۔ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر ملتان ریجن رائے زاہد علی خان کی سربراہی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر لودھراں منور حسین نجمی نے ایئر گن کیساتھ جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار میں ملوث ایک شکاری کو گرفتار کرکے مبلغ 50ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا ۔

ملتان ریجن ہی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ملتان محمد ندیم نے بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ کرنے والے 5شکاریوں کو گرفتار کرکے 6نیٹنگ گیئرز برآمد کرلیے ،4کو ایک لاکھ 65ہزار جرمانہ کیا، ایک کیخلاف ایف آئی آر درج کروائی، 2مزید کیخلاف استغاثہ دائر کیا۔ اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر اٹک رضوانہ عزیز نے جنگلی خرگوش اور بٹیر کے 3غیرقانونی شکاریوں کو 60ہزار جرمانہ کیا۔اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر سرگودھا مقدس گلزار نے بٹیر کی نیٹنگ میں ملوث ایک ملزم کو 60ہزار جرمانہ کیا ۔

اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر چکوال مرزا عابد حسین نے 6نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے قانونی کارروائی شروع کردی جبکہ اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر کاشف حمید نے ایک خفیہ اطلاع پر کراچی سے بنوں جانیوالی ایک مسافر بس کی تلاشی لیکر 149زندہ بٹیروں پر مشتمل 17کریٹس برآمد کرلیے،ایک اور کارروائی میں بٹیر کے 7نیٹنگ گیئر ز برآمد کرکے قانونی چارہ جوئی شروع کردی۔