وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کا موضع ایشیاں میں فری میڈیکل کیمپ کا دورہ، عوامی خدمت، تعلیم، معیشت اور سرمایہ کاری پر تفصیلی اظہارِ خیال

وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کا موضع ایشیاں میں فری میڈیکل کیمپ کا دورہ، عوامی خدمت، تعلیم، معیشت اور سرمایہ کاری پر تفصیلی اظہارِ خیال

چنیوٹ۔ 27 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے چنیوٹ کے نواحی علاقے موضع عاصیاں میں انجمن اسلامیہ، اسلامیہ اسپتال چنیوٹ کے زیر اہتمام منعقدہ فری میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا، ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور رضاکاروں کی خدمات کو سراہا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 10 کروڑ افراد غربت کی لکیر کے قریب یا اس سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، ایسے حالات میں مخیر حضرات اور فلاحی اداروں کی جانب سے مفت طبی سہولیات کی فراہمی انتہائی قابلِ تحسین خدمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں ایسے فری میڈیکل کیمپوں میں آ کر عوام کے درمیان وقت گزارنے سے دلی خوشی محسوس ہوتی ہے۔انہوں نے کہا، "مجھے نہ گرمی محسوس ہوتی ہے اور نہ سردی، کیونکہ بچپن سے سماجی خدمت میری زندگی کا حصہ رہی ہے۔ یہ میرا کوئی کمال نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی توفیق ہے کہ میں دکھی انسانیت کی خدمت کر سکوں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کی ترقی کا راستہ صرف عمارتیں بنانے سے نہیں بلکہ تعلیم، صحت اور انسانی وسائل میں سرمایہ کاری سے ہموار ہوگا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں آج بھی لاکھوں بچے سکولوں سے باہر ہیں، حالانکہ قومی وسائل کا بڑا حصہ تعلیم پر خرچ ہونا چاہیے۔