اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی (فوسپاہ) کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس)، موبائل ایپلی کیشن اور نئی ویب سائٹ کا افتتاح کر دیا۔ اس اقدام کا مقصد شکایت کنندگان کے لیے انصاف تک رسائی آسان بنانے، شفافیت بڑھانے اور ادارے کو جدید ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ترجمان فوسپاہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے …
فوسپاہ کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، موبائل ایپلی کیشن اور نئی ویب سائٹ کا افتتاح

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی (فوسپاہ) کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس)، موبائل ایپلی کیشن اور نئی ویب سائٹ کا افتتاح کر دیا۔ اس اقدام کا مقصد شکایت کنندگان کے لیے انصاف تک رسائی آسان بنانے، شفافیت بڑھانے اور ادارے کو جدید ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ترجمان فوسپاہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی فوزیہ وقار نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت شکایت کنندگان شناختی کارڈ، ای میل اور موبائل نمبر کے ذریعے اکائونٹ بنا سکیں گے جبکہ ایک ہی اکائونٹ سے متعدد شکایات درج اور ان کی پیش رفت ٹریک کی جا سکے گی۔
نوٹس، اپ ڈیٹس اور دستاویزات بھی آن لائن دستیاب ہوں گی جس سے شہریوں کو بار بار دفتر آنے اور ڈاک کے ذریعے دستاویزات بھجوانے کی ضرورت کم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ تصدیق شدہ رجسٹریشن سے جھوٹی اور بلاجواز شکایات کی حوصلہ شکنی ہوگی جبکہ نیا نظام مقدمات کی موثر نگرانی اور تاخیر کی بروقت نشاندہی میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ فوسپاہ نے کاغذی کارروائی میں 70 سے 80 فیصد کمی لانے کا ہدف مقرر کیا ہے تاکہ ادارے کو مکمل طور پر پیپر لیس بنایا جا سکے۔فوزیہ وقار نے کہا کہ نئی ویب سائٹ پر متعلقہ قوانین، طریقہ کار، حقوق، فیصلے اور اعداد و شمار آسانی سے دستیاب ہوں گے۔
اگلے مرحلے میں مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا اینالیٹکس سے بھی استفادہ کیا جائے گا جس میں درخواستیں تیار کرنے میں معاونت اور فیصلوں کا سرچ ایبل ڈیٹا بیس شامل ہے۔وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے فوسپاہ کے ڈیجیٹل ایپلی کیشن اور سی ایم ایس کے قیام کو سراہتے ہوئے اقدام کو ادارے کی ڈیجیٹلائزیشن کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔منصوبے میں وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کی وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کے سی ای او فیصل اقبال رتیال نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
تقریب میں فوسپاہ کی جانب سے این آئی ٹی بی کی ٹیم کو اعزازی سرٹیفکیٹس پیش کیے گئے جبکہ وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ کو وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی فوزیہ وقار کی جانب سے اعزازی شیلڈ اور ادارے کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی گئی۔وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی فوزیہ وقار نے نئے ڈیجیٹل نظام کی تکمیل میں این آئی ٹی بی، فوسپاہ کی آئی ٹی ٹیم اور متعلقہ افسران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔فوسپاہ کام کی جگہ پر ہراسانی کے خلاف شکایات کے ازالے اور متاثرہ افراد کو انصاف تک آسان رسائی فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔








