وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان ایوی ایشن کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا تیسرا اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوا
وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت بلوچستان ایوی ایشن کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے تیسرے اجلاس کا انعقاد
کوئٹہ۔ 27 اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان ایوی ایشن کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا تیسرا اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ڈائریکٹر ایوی ایشن کیپٹن علی آزاد اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلوچستان ایوی ایشن کمپنی کے امور، کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے صوبے میں فضائی رابطوں کے فروغ، ایوی ایشن کے شعبے میں دستیاب مواقع سے استفادہ اور بلوچستان کے عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے امور پر غور کیا ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں فضائی رابطوں کا فروغ صوبے کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے اہم ہے،صوبے کے وسیع رقبے اور دور دراز علاقوں کے پیش نظر بہتر فضائی رابطے نہ صرف عوام کو سفری سہولت فراہم کرتے ہیں بلکہ تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہو سکتے ہیں ۔
وزیر اعلیٰ نے بلوچستان ایوی ایشن کمپنی کے امور میں پیشہ ورانہ طرزِ انتظام، شفافیت اور مؤثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے صوبے کے وسیع تر مفاد میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام شعبوں میں جدید اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ ایوی ایشن کا شعبہ بھی اسی وژن کا اہم حصہ ہے، جسے مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافہ ضروری ہے ۔اجلاس میں بلوچستان ایوی ایشن کمپنی کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے، دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بھی غور و خوض کیا گیا ۔وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کمپنی کے امور کو پیشہ ورانہ بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے اور بلوچستان میں فضائی رابطوں کے فروغ کے لیے قابلِ عمل تجاویز اور منصوبہ بندی کو ترجیح دی جائے ۔
اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین نے کمپنی کے مختلف امور سے متعلق اپنی تجاویز بھی پیش کیں جبکہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔









