وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم کا گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ڈی آئی خان کا دورہ

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم و چیئرمین خیبرپختونخوا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اتھارٹی محمد عثمان بیٹنی نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا، جہاں کالج انتظامیہ نے انہیں خوش آمدید کہا

پشاور۔ 27 اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم و چیئرمین خیبرپختونخوا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اتھارٹی محمد عثمان بیٹنی نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا، جہاں کالج انتظامیہ نے انہیں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر انہوں نےادارے میں فراہم کی جانے والی فنی تعلیم و تربیت کی سرگرمیوں کا بذاتِ جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر ادارے کے حکام نے معاون خصوصی کو فنی تعلیم کے شعبے میں پیشرفت، مختلف ٹیکنالوجیز میں جاری تدریسی سرگرمیوں اور طلبہ کو میسر سہولیات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں آگاہ کیا گیا کہ گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ڈیرہ اسماعیل خان میں سول ٹیکنالوجی، الیکٹریکل ٹیکنالوجی، مکینیکل ٹیکنالوجی اور آٹو اینڈ فارم ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں معیاری فنی تعلیم و تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔اس موقع پرمعاون خصوصی کو ادارے میں جاری تعلیمی سرگرمیوں، داخلے کے طریقہ کار اور مختلف ٹیکنالوجی پروگرامز کے نصاب کے حوالے سے بھی جامع بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےمعاون خصوصی محمد عثمان بیٹنی نے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید فنی و تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ ملکی و بین الاقوامی مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت فنی تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہنر مند نوجوان معاشی ترقی اور خودکفالت کی ضمانت ہیں، لہٰذا فنی تعلیمی اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

مزید خبریں