پاکستان ویمنز ٹیم اے سی سی ویمنز ٹی20 ایشیاء کپ 2026 میں اپنی مہم کا آغاز یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی، ٹورنامنٹ کا آغاز جمعہ سے ہوگا،تمام 15 میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جو پاکستانی وقت کے مطابق شام7 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوں گے
ویمنز ٹی20ایشیاء کپ، پاکستان ویمنز ٹیم اپنی مہم کا آغاز یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کیخلاف میچ سے کرے گی

مزید خبریں
لاہور۔27اگست (اے پی پی):پاکستان ویمنز ٹیم اے سی سی ویمنز ٹی20 ایشیاء کپ 2026 میں اپنی مہم کا آغاز یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی، ٹورنامنٹ کا آغاز جمعہ سے ہوگا،تمام 15 میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جو پاکستانی وقت کے مطابق شام7 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق فاطمہ ثناء کی قیادت میں پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ، چین کے ساتھ شامل ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم مقابلہ 5 ستمبر کو ہوگا، 7 ستمبر کوپاکستان ہانگ کانگ اور چین کے خلاف میدان میں اترے گا۔ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کے ساتھ بنگلہ دیش، انڈونیشیاء اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔پاکستان میں میچز کی لائیو اسٹریمنگ تماشا پر دستیاب ہوگی جبکہ پی ٹی وی اسپورٹس مقابلے براہ راست نشر کرے گا،گیند بہ گیند اسکور ایشیئن کرکٹ کونسل کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہوگا۔ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز10 اور11 ستمبر جبکہ فائنل 13 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان ویمنز اسکواڈ 26 اگست کو متحدہ عرب امارات پہنچا،جہاں روانگی سے قبل قومی کرکٹ اکیڈمی میں 10 روزہ تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا۔
پاکستانی اسکواڈ میں وکٹ کیپر بیٹر ناہیدہ علوی کے زخمی ہونے کے باعث ان کی جگہ ٹاپ آرڈر بیٹر صدف شمس کو شامل کیا گیا ہے، پاکستان نے ایشیاء کپ میں 2012 اور 2016 میں مسلسل دو مرتبہ رنرز اپ رہنے کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ 2022 اور 2024 میں قومی ٹیم کی مہم سیمی فائنل میں ختم ہوئی تھی۔قومی کپتان فاطمہ ثناء نے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں نے لڑکوں کے خلاف میچز کھیلے جس سے انہیں دبائو کی صورتحال میں کھیلنے میں مدد ملی۔انہوں نے کہاکہ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ متحدہ عرب امارات کے حالات سے جلد ہم آہنگ ہو اور ہر میچ میں کامیابی حاصل کرے۔ترجمان کے مطابق اے سی سی ویمنز ایشیاء کپ کا موجودہ ایڈیشن ٹورنامنٹ کا 10واں ایڈیشن ہے، جبکہ ٹی20 فارمیٹ میں یہ چھٹا ایڈیشن ہوگا، ابتدائی چار ایڈیشنز 2004، 2005، 2006 اور 2008 میں ایک روزہ فارمیٹ میں کھیلے گئے تھے۔پاکستان کا اسکواڈ فاطمہ ثناء (کپتان)، عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمن فاطمہ، گل فیروزہ، مومنہ ریاضت، منیبہ علی صدیقی، نشرا سندھو، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سائرہ جبیب، شوال ذوالفقار، طوبی حسن، امِ ہانی اور وحیدہ اختر پر مشتمل ہے۔
پاکستان کی جانب سے ایشیاء کپ میں میچز یکم ستمبر کو تھائی لینڈ،5 ستمبر کو بھارت اور7 ستمبر کو ہانگ کانگ، چین کے خلاف ہوں گے۔ قومی ٹیم اگر اگلے مرحلے میں پہنچتی ہے تو سیمی فائنل 10 یا 11 ستمبر جبکہ فائنل 13 ستمبر کو کھیلے گی۔








