سی ڈی اے کے ڈائریکٹر سینیٹیشن کا آئی سی سی آئی کا دورہ، سی ڈی اے کا صفائی کیلئے مائیکرو پلاننگ اور فیلڈ مانیٹرنگ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، ڈائریکٹر سینیٹیشن

کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو مزید موثر، شفاف اور جوابدہ بنانے کے لیے جامع مائیکرو پلاننگ اور فیلڈ مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو مزید موثر، شفاف اور جوابدہ بنانے کے لیے جامع مائیکرو پلاننگ اور فیلڈ مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت سینیٹیشن ورکرز کی تعیناتی، رابطہ نمبرز، ذمہ داریاں اور متعلقہ علاقوں کی مکمل تفصیلات مرتب کی جائیں گی تاکہ ہر گلی، مارکیٹ اور علاقے میں صفائی کی ذمہ داری واضح طور پر متعین ہو اور شہریوں کو بہتر سروسز فراہم کی جا سکیں۔اس امر کا اظہار سی ڈی اے کے ڈائریکٹر سینیٹیشن ملک عطا ء نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے دورہ کے موقع پر منعقدہ ایک خصوصی انٹر ایکٹو سیشن میں کیا۔ سیشن میں آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر عرفان چوہدری، ایگزیکٹو ممبران، مختلف تجارتی انجمنوں کے نمائندگان، ڈپٹی ڈائریکٹر سینیٹیشن عطاء باری ارشد اور چیمبر کے اراکین نے شرکت کی۔آئی سی سی آئی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے صفائی کے نظام میں پائیدار بہتری کے لیے سی ڈی اے، آئی سی سی آئی، تجارتی انجمنوں اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی رابطہ اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سٹیک ہولڈر کا اپنا کردار ہے اور شہری مسائل اس وقت تک موثر انداز میں حل نہیں کیے جا سکتے جب تک تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے کام نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے ایک موثر مائیکرو پلاننگ میکانزم وضع کر رہا ہے جس کے تحت ہر گلی، مارکیٹ اور علاقے کے لیے مخصوص سینیٹیشن ورکر اور سپروائزر کی ذمہ داری واضح کی جائے گی۔ اس نظام کے ذریعے یہ معلوم کرنا آسان ہو گا کہ کسی مخصوص علاقے میں صفائی کی ذمہ داری کس اہلکار کی ہے ،جس سے فیلڈ آپریشنز میں بہتری، نگرانی میں آسانی اور جوابدہی کا موثر نظام قائم ہوگا۔ملک عطاء نے مزید کہا کہ ویسٹ ٹرالیوں اور کچرا جمع کرنے کے پوائنٹس کے انتظام کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے جس میں ان کی مناسب جگہ پر تنصیب، دیکھ بھال، باقاعدہ نگرانی اور سرٹیفکیشن پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے راولپنڈی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ بھی رابطہ جاری ہے۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ کاروباری برادری صفائی، ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر شہری مسائل کے حل کے لیے سی ڈی اے کے ساتھ عملی اور پائیدار تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے افسران، آئی سی سی آئی اور مختلف تجارتی انجمنوں کے نمائندگان کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کا مقصد براہ راست رابطے کا ایسا موثر نظام قائم کرنا ہے جس کے ذریعے نچلی سطح کے مسائل فوری طور پر متعلقہ حکام تک پہنچائے جا سکیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی کاروباری برادری اور سرکاری اداروں کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا اور اسلام آباد میں صفائی، ویسٹ مینجمنٹ اور میونسپل سروسز کی بہتری کے لیے ہر مثبت اقدام کی مکمل حمایت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری صرف شکایات کی بجائے مسائل کے حل میں حکومت کی شراکت دار بننا چاہتی ہے۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے خصوصاً فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ آئی الیون تھری میں صفائی کی صورتحال پر توجہ دلائی اور وہاں قائم کچرا ڈمپنگ پوائنٹ کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے تاجروں، خریداروں، مارکیٹ آنے والے افراد اور ملحقہ علاقوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری نے سٹیل مارکیٹ آئی ٹین میں صفائی اور دیگر شہری مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کچرا اٹھانے کے نظام کو بہتر بنانے، باقاعدہ فیلڈ مانیٹرنگ اور سی ڈی اے کے فیلڈ سٹاف اور مارکیٹ نمائندگان کے درمیان موثر رابطہ قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ایگزیکٹو ممبران وسیم چوہدری، ذوالقرنین عباسی اور عمران منہاس جبکہ آئی سی سی آئی ممبران اختر عباسی، اسماعیل خان، عجب گل، سید ندیم منصور اور مختلف تجارتی انجمنوں کے نمائندگان نے بھی انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی اور صفائی، ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر شہری مسائل کے حوالے سے اپنی تجاویز اور مشاہدات پیش کیے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض سابق سنیئر نائب صدر خالد چوہدری نے سر انجام دیئے۔

مزید خبریں