وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی برطانوی وزیر مملکت اسٹیفن ڈوٹی سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی برطانوی وزیر مملکت اسٹیفن ڈوٹی سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے لندن میں برطانیہ کے وزیر مملکت اسٹیفن ڈوٹی سے ملاقات کی۔جمعرات کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے سیاسی، اقتصادی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں رہنمائوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے، موسمیاتی تعاون کو مضبوط بنانے اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ کے طریقوں پر بھی گفتگو کی۔
نائب وزیراعظم نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی اہم خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل قرار دیا۔فریقین نے مشرق وسطیٰ اور افغانستان کی صورتحال سمیت اہم علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مکالمے، سفارت کاری اور مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔برطانیہ کے وزیر مملکت اسٹیفن ڈوٹی نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے دوطرفہ اور علاقائی امور پر پاکستان کے ساتھ قریبی رابطے برقرار رکھنے میں برطانیہ کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔








