مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار گروپ آسیاد گروپ کی جانب سے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کے دائرہ کار میں وسعت کا اعلان ملک کی معاشی صلاحیت اور طویل المدتی سرمایہ کاری کے امکانات پر بھرپور اعتماد کا اعادہ ہے
آسیاد گروپ کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان ملکی معاشی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار ہے،خرم شہزاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار گروپ آسیاد گروپ کی جانب سے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کے دائرہ کار میں وسعت کا اعلان ملک کی معاشی صلاحیت اور طویل المدتی سرمایہ کاری کے امکانات پر بھرپور اعتماد کا اعادہ ہے ۔جمعرات کو سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آسیاد گروپ اپنی ذیلی کمپنی وافی انرجی پاکستان کے ذریعے پاکستان میں اپنی موجودہ سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ گروپ توانائی کے شعبے کے علاوہ ہوا بازی اور مالیاتی شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے نئے مواقع کا جائزہ لے رہا ہے۔
گروپ نے پاکستان کو طویل المدتی اور تزویراتی سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم ملک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وافی انرجی پاکستان کی سرگرمیوں میں توسیع کے ساتھ ساتھ آئندہ ایئرپورٹس کی نجکاری کے عمل میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گروپ کی جانب سے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے منصوبوں سے متعلق عزائم ملک کی معاشی بحالی، اصلاحات کے عمل اور سرمایہ کاری کے سازگار ہوتے ماحول پر سعودی عرب کے نجی شعبے کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا ایک اہم اشارہ ہے۔








