وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے عالمی ٹیکنالوجی ادارے ‘میٹا’ کے تعاون سے "سمال بزنس گروتھ اکیڈمی” کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے
وزارتِ آئی ٹی اور میٹا کا "سمال بزنس گروتھ اکیڈمی” کا مشترکہ آغاز ،رجسٹریشن شروع

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے عالمی ٹیکنالوجی ادارے ‘میٹا’ کے تعاون سے "سمال بزنس گروتھ اکیڈمی” کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، اس پروگرام کا بنیادی مقصد پاکستان بھر کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ٹولز کے ذریعے اپنے کاروبار کو وسعت دینے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی مفت تربیت فراہم کرنا ہے۔جمعرات کو وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام سے جاری بیان کے مطابق سمال بزنس گروتھ اکیڈمی کے تحت عملدرآمد کے پارٹنر AtomCamp ہیں جبکہ اسے اگنائٹ (نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ)، سمیڈا، پاشا، پی ایس ای بی اور ڈائل زیرو کی کلیدی معاونت حاصل ہے۔ اس اقدام کے ذریعے ملک بھر کے 1,000 سے زائد ایس ایم ایز کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے گا جس میں خواتین کے زیرِ انتظام چلنے والے کاروباری اداروں اور صنعت کاروں کو خصوصی طور پر درخواست دینے کی ترغیب دی گئی ہے۔
عملی تربیت کے اس جامع پروگرام کے ذریعے شرکاء کو مختلف شعبوں میں مہارت فراہم کی جائے گی جن میں فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ بزنس کے ذریعے مزید صارفین تک رسائی اور ان کے ساتھ بہتر تعامل ،کاروبار کی نمو اور ترقی کے لئے ایک مضبوط ڈیجیٹل شناخت کا قیام اور معیاری مواد کی تیاری، ہدف شدہ اشتہار کاری ، بجٹ کی ترجیحات اور نتائج کو بہتر بنانے کے لئے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کا موثر استعمال ، مواد کی تیاری اور اشتہارات کی کارکردگی بڑھانے کے لئے مصنوعی ذہانت کے جدید ٹولز کا اطلاق، کاروباری پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانا اور مقامی کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر فروخت کے دائرہ کار کو پھیلانا شامل ہیں۔ رجسٹریشن کا عمل باقاعدہ طور پر شروع ہو چکا ہے جبکہ تربیتی سیشنز ستمبر 2026 سے شروع ہوں گے۔خواہشمند کاروباری افراد اور اداروں سے گزارش ہے کہ وہ پروگرام میں شرکت کے لئے دیئے گئے لنک https://www.atomcamp.com/sbga/ پر جا کر فوراً اپنا اندراج کرائیں۔








