نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی او آئی سی کے نو منتخب سیکرٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد کو مبارکباد

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے او آئی سی کے نو منتخب سیکرٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے او آئی سی کے نو منتخب سیکرٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ امتِ مسلمہ کے درمیان مضبوط شراکت داری اور تعمیری تعاون کو فروغ دینے کے لیے ان کے ساتھ قریبی طور پر کام کرنے کے منتظر ہیں۔ جمعرات کو ایکس پر اپنے بیان میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ آج جدہ میں منعقد ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 23ویں غیر معمولی اجلاس میں اتفاقِ رائے سے او آئی سی کے نئے سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر اسماعیل اولد شیخ احمد کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی اتحاد، امن اور ہماری مشترکہ امنگوں کے حصول کے لیے اجتماعی اقدامات کو فروغ دینے میں ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ امتِ مسلمہ کے درمیان مضبوط شراکت داری اور تعمیری تعاون کو فروغ دینے کے لیے ان کے ساتھ قریبی طور پر کام کرنے کا منتظر ہوں۔انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ ان کا دورِ منصب او آئی سی کو باہمی مکالمے، تعاون اور اجتماعی اقدامات کے مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر مزید فعال بنانے کے لیے نئی توانائی اور عزم کا باعث ثابت ہو۔