جاز نے 1,000 فائیو جی سائٹس کا اہم سنگِ میل عبور کر لیا

جازورلڈ کی پاکستان کی معروف کنکٹیویٹی کمپنی جازنے اپنے فائیو جی نیٹ ورک کو 1,000 فعال سائٹس تک توسیع دے دی ہے ۔ یہ اقدام جاز پاکستان کی جانب سے اہم سنگِ میل حاصل کرتے ہوئے ملک میں فائیو جی نیٹ ورک کی تیز ترین توسیع اور وسیع تر فائیو جی نیٹ ورک کی عکاسی کرتا ہے

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):جازورلڈ کی پاکستان کی معروف کنکٹیویٹی کمپنی جازنے اپنے فائیو جی نیٹ ورک کو 1,000 فعال سائٹس تک توسیع دے دی ہے ۔ یہ اقدام جاز پاکستان کی جانب سے اہم سنگِ میل حاصل کرتے ہوئے ملک میں فائیو جی نیٹ ورک کی تیز ترین توسیع اور وسیع تر فائیو جی نیٹ ورک کی عکاسی کرتا ہے جبکہ جاز نے سال 2026 کے اختتام تک فائیو جی سائٹس کی تعداد بڑھا کر 2,500 تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔جمعرات کو جاری بیان کے مطابق جاز نے ابتدائی طور پر اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور فیصل آباد میں تقریباً 180 سائٹس کے ساتھ فائیو جی سروسز کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد ان شہروں میں نیٹ ورک کو مزید وسعت دی گئی جبکہ سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کو بھی فائیو جی نیٹ ورک میں شامل کر لیا گیا جس کے بعد جاز کی فائیو جی موجودگی ملک بھر کے 10 شہروں تک پہنچ گئی ہے۔جاز جی ایس ایم کے صدر کاظم مجتبیٰ نے کہا کہ اتنی تیزی سے 1,000 فائیو جی سائٹس تک پہنچنا اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں تک فائیو جی کے فوائد تیزی سے پہنچائیں، سال کے اختتام تک 2,500 سائٹس تک توسیع کے ساتھ ہماری توجہ زیادہ صلاحیت، تیز رفتار اور قابلِ اعتماد کنکٹیویٹی کے ذریعے بہتر ڈیجیٹل تجربہ فراہم کرنے پر ہے جبکہ فائیو جی کے بڑھتے استعمال کے ساتھ نئی سروسز اور استعمال کے مواقع بھی پیدا کئے جا رہے ہیں۔جازورلڈ کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر خالد شہزاد نے کہا کہ اس پیمانے پر فائیو جی نیٹ ورک کی توسیع کے لئے پاکستان میں مضبوط نیٹ ورک درکار ہے، ہم اپنے ملٹی بینڈ سپیکٹرم، جدید ریڈیو ٹیکنالوجیز اور جدید انفراسٹرکچر کو یکجا کرتے ہوئے وسیع کوریج اور زیادہ صلاحیت فراہم کر رہے ہیں جبکہ نیٹ ورک کو فائیو جی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے لئے بھی تیار کر رہے ہیں۔رول آؤٹ کی رفتار اور وسعت کے علاوہ جاز پاکستان کا سب سے متنوع فائیو جی نیٹ ورک بھی تشکیل دے رہا ہے جس کی بنیاد 2026 کے سپیکٹرم آکشن میں حاصل کئے گئے اضافی سپیکٹرم پر ہے۔ جاز نے چار بینڈز 700 میگاہرٹز، 2300 میگاہرٹز، 2600 میگاہرٹز اور 3500 میگاہرٹز میں مجموعی طور پر 190 میگاہرٹز اضافی سپیکٹرم حاصل کیا جس کے بعد اس کے مجموعی سپیکٹرم ہولڈنگز 284.4 میگاہرٹز تک پہنچ گئی ہے۔فائیو جی نیٹ ورک کی یہ توسیع سپیکٹرم آکشن کے بعد جاز کے اعلان کردہ ایک ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم کے تحت کی جا رہی ہے جس کا مقصد فائیو جی رول آؤٹ کو تیز کرنا اور پاکستان بھر میں نیٹ ورک انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانا ہے۔پاکستان میں جاز کی مجموعی سرمایہ کاری اب تک 12 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے جو ملک کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور کنیکٹیویٹی ایکو سسٹم کے لئے اس کے طویل المدتی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔