وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک تزویراتی شراکت دار ہیں، دیرینہ تعلقات کو مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت میں تبدیل کریں گے، مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے پاکستان ، سعودی عرب اور ترکیہ مزید قریب آئے ہیں ، معاہدے نے پورے خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام دیا ہے۔
وزیر اعظم سے سعودی وفد کی ملاقات، دیرینہ تعلقات کو مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت میں تبدیل کریں گے، محمد شہباز شریف

مزید خبریں
اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک تزویراتی شراکت دار ہیں، دیرینہ تعلقات کو مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت میں تبدیل کریں گے، مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے پاکستان ، سعودی عرب اور ترکیہ مزید قریب آئے ہیں ، معاہدے نے پورے خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمٰن بن عبدالمحسن الفضلی سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے جمعے کو یہاں پی ایم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔پی ایم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم نے سعودی وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے تینوں ممالک مزید قریب آئے ہیں اور اس معاہدے نے پورے خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب سٹریٹجک شراکت دار ہیں اس لیے اب دونوں ممالک کو اقتصادی اور زرعی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر توجہ دینی چاہیےتاکہ دیرینہ تعلقات کو مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان خصوصاً پاکستان سے سعودی عرب کو زرعی مصنوعات کی برآمد کے حوالے سے جاری مثبت تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پاکستان میں زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی اور پانی کے وسائل کے زیادہ مؤثر استعمال کے ذریعے تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پاکستان کے زرعی ماہرین کا ایک وفد جلد ریاض کا دورہ کرے گاجہاں دونوں ممالک کے درمیان ان امور پر مزید بات چیت کی جائے گی تاکہ اس شراکت داری کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ سعودی وزیر نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے زراعت، پانی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، محمد اورنگزیب، عطا ءتارڑ، جام کمال خان، ڈاکٹر مصدق ملک، جنید انوار چوہدری،، بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اورڈاکٹر سید توقیر شاہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔








