اسناد کی تصدیق کے لیے سرکاری طریقہ کار اور ویب سائٹ ہی استعمال کی جائے ، ایچ ای سی

ہایئر ایجوکیشن کمیشن نے کہا ہے کہ اسناد کی تصدیق کے لیے سرکاری طریقہ کار اور ویب سائٹ ہی استعمال کی جائے ۔

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):ہایئر ایجوکیشن کمیشن نے کہا ہے کہ اسناد کی تصدیق کے لیے سرکاری طریقہ کار اور ویب سائٹ ہی استعمال کی جائے ۔

کمیشن نے شہریوں کو ایسے غیر مجاز افراد سے خبردار کیا ہے جو خود کو ایچ ای سی کے تصدیقی ایجنٹ ظاہر کرکے تعلیمی اسناد کی تصدیق میں معاونت کی پیشکش کرتے ہیں ۔ ایچ ای سی کی جانب سے جاری عوامی انتباہ میں کہا گیا ہے کہ بعض افراد خود کو ’’ایجنٹ‘‘ ظاہر کرکے درخواست گزاروں کو ایچ ای سی سے تعلیمی دستاویزات کی تصدیق کرانے میں مدد فراہم کرنے کی پیشکش کر رہے ہیں لہٰذا شہری ایسے عناصر سے انتہائی محتاط رہیں۔ ایچ ای سی نے درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ذاتی اور تعلیمی معلومات غیر مجاز افراد کے ساتھ ہرگز شیئر نہ کریں تاکہ انہیں ممکنہ فراڈ اور جعل سازی کی سرگرمیوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔ کمیشن کے مطابق تعلیمی اسناد کی تصدیق کا عمل مکمل طور پر آن لائن اور کاغذ سے پاک ہےجس میں تیز، آسان اور سہل سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ درخواست گزاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دستیاب ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنی تصدیق کی درخواستیں ذاتی طور پر جمع کرائیں۔ ایچ ای سی نے واضح کیا کہ اسناد کی تصدیق کے لیے سرکاری طریقہ کار اور ویب سائٹ ہی استعمال کی جائے اور کسی غیر مجاز شخص یا ایجنٹ پر اعتماد نہ کیا جائے۔