چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ہارورڈ بزنس سکول کے طلبہ کی ملاقات، تعلیم، ہنرمندی کے فروغ اور حقائق پر مبنی تجزیاتی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور

چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنرمندی کے فروغ، کاروباری سرگرمیوں اور حقائق پر مبنی تجزیاتی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیاہے۔

راولپنڈی۔28اگست (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنرمندی کے فروغ، کاروباری سرگرمیوں اور حقائق پر مبنی تجزیاتی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیاہے۔

جمعے کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہارورڈ بزنس سکول کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے وفد سے ملاقات کی اور ان سے تبادلۂ خیال کیا۔ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال، پاکستان کے سکیورٹی منظرنامے اور خطے سمیت دنیا بھر میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں پر گفتگو کی گئی۔چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنرمندی کے فروغ، کاروباری سرگرمیوں اور حقائق پر مبنی تجزیاتی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ وہ ایسے بڑھتے ہوئے غیر یقینی اور پُرآشوب عالمی ماحول میں بامعنی کردار ادا کر سکیں جہاں سوشل میڈیا اور پراپیگنڈا بھی اثرانداز ہو رہے ہیں۔ہارورڈ بزنس سکول کے طلبہ نے پاکستان کے جاری دورے کے دوران اپنے خوشگوار تجربات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بالخصوص پاکستانی عوام کی کشادہ دلی اور گرمجوشی کو سراہا اور پاکستان میں موجود بے پناہ صلاحیتوں اور مواقع کی بھی تعریف کی۔