قومی صحت و آبادی پالیسی کے تحت بنیادی قلبی ادویات تک رسائی مستحکم کرنے کے اقدامات جاری
قومی صحت و آبادی پالیسی کے تحت بنیادی قلبی ادویات تک رسائی مستحکم کرنے کے اقدامات جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):دل کے امراض اور دیگر غیر متعدی بیماریوں سے نمٹنے کے لیے قومی صحت و آبادی پالیسی 2026 تا 2035 کے تحت وفاقی وزارت قومی صحت، خدمات اور صوبائی محکمہ ہائے صحت کے ذریعے بنیادی قلبی ادویات تک رسائی کو مستحکم کیا جارہا ہے۔دستیاب دستاویزات کے مطابق ضروری صحت کی خدمات کے پیکج میں کم لاگت پر قلبی امراض کی روک تھام اور علاج کی سہولیات شامل کی جارہی ہیں، جبکہ بنیادی صحت مراکز پر ضروری ادویات اور معیاری طریقہ علاج کی دستیابی کو فروغ دینے کے ساتھ ادویات کی خریداری اور ترسیل کے نظام کو بھی مضبوط بنایا جارہا ہے۔
حکومت کا مقصد کم لاگت ادویات اور معیاری قلبی نگہداشت تک عوام کی منصفانہ رسائی بہتر بنانا ہے، جو قومی صحت و آبادی پالیسی کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔دستاویزات کے مطابق پمز اور پولی کلینک میں امراض قلب کے علاج کے لیے ضروری ادویات کی فہرست کے مطابق اور پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قواعد و ضوابط کے تحت ادویات کی خریداری کی جاتی ہے۔دونوں ہسپتالوں میں امراض قلب سے بچاؤ کے لیے طرز زندگی میں مثبت تبدیلی، بیماری کی بروقت تشخیص اور صحت سے متعلق آگاہی و تعلیم کے لیے مختلف سرگرمیاں بھی منعقد کی جاتی ہیں۔








