حکومت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط رابطے کو یقینی بنا رہی ہے ، رانا مشہود احمد خان

حکومت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط رابطے کو یقینی بنا رہی ہے ، رانا مشہود احمد خان

لاہور۔28اگست (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی جب بھی حکومت آئی ملک میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ شروع ہوا اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے گئے، صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبے وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کے وژن کے مطابق تیزی سے جاری ہیں، حکومت کی ترجیح عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز وفاقی پارلیمانی سیکرٹری منصوبہ بندی حافظ میاں محمد نعمان کے ہمراہ لاہور کے علاقے بابو صابو میں مختلف ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور اہل علاقہ بھی موجود تھے۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ ملک کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دی ہے۔ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے دور میں ملک میں موٹرویز، سڑکوں، بجلی کے منصوبوں، میٹرو بس، اورنج لائن سمیت متعدد بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے جبکہ موجودہ حکومت بھی عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مختلف شعبوں میں عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلی مریم نواز کی قیادت میں ترقیاتی سرگرمیوں کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے اور شہری و دیہی علاقوں میں یکساں بنیادوں پر عوامی فلاح کے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ حکومت کا مقصد صرف بڑے منصوبوں کی تعمیر نہیں بلکہ گلی، محلے اور یونین کونسل کی سطح پر عوام کو درپیش بنیادی مسائل حل کرنا بھی ہے تاکہ عام شہری کو بہتر ماحول اور بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ بابو صابو سمیت لاہور کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی کام عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ گلیوں کی تعمیر و بحالی، سیوریج، صاف پانی کی فراہمی، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری سے شہریوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ آج پوری دنیا پاکستان کے ساتھ معاہدے کرنے پر فخر محسوس کر رہی ہے۔

پاکستان کا عالمی سطح پر وقار بلند ہوا ہے اور ملک ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں اور سفارتی و معاشی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، جبکہ پاکستان عالمی برادری میں اپنا موثر اور مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے انہیں تعلیم، ہنر، روزگار، کاروبار اور دیگر شعبوں میں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے مختلف پروگرامز پر عملدرآمد کر رہی ہے۔اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری منصوبہ بندی حافظ میاں محمد نعمان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں سے پاکستان کا وقار اقوام عالم میں بلند ہو رہا ہے، جس کے مثبت اثرات آنے والے دنوں میں مزید نمایاں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی اہمیت منوائی ہے اور موجودہ حالات میں ملکی مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ معاشی اور ترقیاتی سرگرمیوں کو بھی آگے بڑھایا جا رہا ہے۔حافظ میاں محمد نعمان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ لاہور کی یونین کونسل 93 میں گلیوں کی تعمیر و بحالی، سیوریج، واٹر سپلائی اور بجلی سے متعلق مختلف ترقیاتی کام جاری ہیں، جن کی تکمیل سے علاقے کے عوام کو روزمرہ زندگی میں درپیش مشکلات میں کمی آئے گی اور انہیں بہتر بنیادی سہولیات میسر ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت، معیار اور پائیداری کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی وسائل کا بہترین استعمال ہو اور شہریوں کو طویل عرصے تک ان منصوبوں سے فائدہ حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں، گلیوں، سیوریج، پینے کے صاف پانی، بجلی اور دیگر شہری سہولیات کی بہتری سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو صرف سہولیات فراہم کرنا نہیں بلکہ شہری علاقوں میں بہتر انفراسٹرکچر اور پائیدار ترقی کی بنیاد رکھنا بھی ہے۔ حکومت اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط رابطے کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ منصوبوں پر کام کے دوران عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔

حافظ میاں محمد نعمان نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور منتخب نمائندے اپنے حلقوں میں عوام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی نشاندہی پر بنیادی نوعیت کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔قبل ازیں اسسٹنٹ کمشنر نے لاہور کے علاقے بابو صابو میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری منصوبہ بندی حافظ میاں محمد نعمان کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران جاری منصوبوں، ان کی پیش رفت، تکمیل کی صورتحال اور علاقے میں عوام کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ یونین کونسل 93 میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں گلیوں کی تعمیر و بحالی، سیوریج سسٹم کی بہتری، واٹر سپلائی اور بجلی سے متعلق کام شامل ہیں۔ حکام نے منصوبوں پر پیش رفت اور ان کی تکمیل کے حوالے سے بھی تفصیلات فراہم کیں۔رانا مشہود احمد خان اور حافظ میاں محمد نعمان نے جاری ترقیاتی کاموں کا موقع پر جائزہ بھی لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تعمیراتی کاموں میں اعلی معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ علاقے کے عوام جلد از جلد ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔