فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ

راولپنڈی۔28اگست (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے مابین دیرینہ سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سعودی عرب کے وزیرِ ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن عبدالمحسن الفضلی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو)میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور دونوں برادر ممالک کے مابین دیرینہ سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

معزز مہمان نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون، بالخصوص زراعت اور ماحولیاتی پائیداری کے شعبوں میں اسے مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔