شفا انٹرنیشنل کی طبی نگہداشت کے کلچر کے حوالے سے اہم پیشرفت، شفا ایمبولینس سروس نے جے سی آئی ایکریڈیٹیشن حاصل کر لی، ترجمان شفا
شفا انٹرنیشنل کی طبی نگہداشت کے کلچر کے حوالے سے اہم پیشرفت، شفا ایمبولینس سروس نے جے سی آئی ایکریڈیٹیشن حاصل کر لی، ترجمان شفا
اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):شفا انٹرنیشنل ہسپتال نے پاکستان اور خطے کے شعبہ صحت میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے طبی خدمات میں اعلیٰ معیار، مریضوں کے تحفظ اور بین الاقوامی طور پر مسلمہ نگہداشت کے معیار کے حوالے سے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ جمعہ کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شفا کے متعدد اداروں اور طبی پروگراموں کو جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل (جے سی آئی) کی جانب سے منظوری اور سرٹیفکیشن ملنے سے شفا محفوظ، قابل اعتماد اور شواہد پر مبنی طبی نگہداشت کے ضمن میں ایک نیا معیار قائم کر رہا ہے۔
بیان کے مطابق اس کامیابی کا محور شفا انٹرپرائز ہے جس کی جے سی آئی انٹرپرائز ایکریڈیٹیشن اس عزم کی عکاس ہے کہ معیاری طبی نگہداشت صرف کسی ایک سہولت یا سروس تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پورے شفا ایکو سسٹم میں یکساں طور پر یقینی بنائی جائے گی۔ شفا کے ترجمان نے کہا کہ اس کامیابی کی اہمیت شفا ایمبولینس سروس (ایس اے ایس) کی جے سی آئی میڈیکل ٹرانسپورٹ ایکریڈیٹیشن سے مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفا ایمبولینس سروس پاکستان کی پہلی ایمبولینس سروس بن گئی ہے جسے جے سی آئی کی ایکریڈیٹیشن حاصل ہوئی ہے۔
یہ ملک میں ہنگامی طبی خدمات اور اسپتال سے قبل فراہم کی جانے والی طبی نگہداشت کے شعبے میں ایک بڑی کامیابی اور شفا سمیت پاکستان کی ہیلتھ کیئر کمیونٹی کے لیے باعث فخر لمحہ ہے۔شفا ایمبولینس سروس کے حوالے سے یہ پیشرفت اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ معیاری اور محفوظ طبی نگہداشت کا سفر مریض کے اسپتال پہنچنے سے بہت پہلے شروع ہوجاتا ہے اور نگہداشت کے ہر نازک لمحے میں اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ معیار، تحفظ، باہمی رابطے اور ہمدردی ضروری ہیں۔بیان کے مطابق یہ کامیابیاں جون 2026ء میں شفا انٹرنیشنل ہسپتال کو اکیڈمک میڈیکل سینٹر (اے ایم سی) کی حاصل ہونے والی ایکریڈیٹیشن کے تسلسل میں سامنے آئی ہیں۔
شفا کی ہوم ہیلتھ کیئر کمپنی ای شفا کے لیے بھی جے سی آئی کے ایک تفصیلی اور سخت جائزے کے بعد جے سی آئی ہوم کئیر ایکریڈیٹیشن کے لیے سفارش کی گئی ہے جس کے ذریعے شفا نے ہسپتال کی حدود سے باہر مریضوں کے گھروں تک معیاری طبی نگہداشت کے عزم کو وسعت دی ہے۔ جون 2026ء میں اس کے ایکیوٹ اسکیمک سٹروک اور ایکیوٹ کورونری سنڈروم پروگرامز کو بھی جے سی آئی سے سرٹیفکیشن حاصل ہوئیں۔ یہ سرٹیفکیشن انتہائی پیچیدہ اور وقت کے لحاظ سے حساس طبی حالات میں مربوط، معیاری، شواہد پر مبنی اور مریض پر مرکوز علاج فراہم کرنے کی شفا کی صلاحیت کی توثیق کرتی ہے۔
ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر یہ کامیابیاں محض ایکریڈیٹیشنز اور سرٹیفکیشنز کا سلسلہ نہیں بلکہ پاکستان میں ’’کلچر آف کیئر‘‘ یعنی نگہداشت کے کلچر کے فروغ اور استحکام کے حوالے سے ایک فیصلہ کن لمحہ ہیں۔ یہ کامیابیاں پاکستان اور خطے کے لیے ایک موثر پیغام ہیں کہ عالمی معیار کی طبی سہولیات نہ صرف پاکستان میں فراہم اور برقرار رکھی جاسکتی ہیں بلکہ انہیں مسلسل بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ شفا کے ترجمان نے اسے شفا فیملی اور پوری قوم کے لیے باعث فخر لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی ٹیم کے ہر رکن کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں جن کی لگن، پیشہ ورانہ صلاحیت، ثابت قدمی اور بہترین کارکردگی کے عزم نے ان تاریخی کامیابیوں کو ممکن بنایا۔









