ملکی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے ہر نسل کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا،سمندر پار پاکستانی وطن کی شناخت پر فخر کریں، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد

ملکی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے ہر نسل کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا،سمندر پار پاکستانی وطن کی شناخت پر فخر کریں، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد

سڈنی۔28اگست (اے پی پی):چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب و رکنِ صوبائی اسمبلی سارہ احمد نے کہا ہے کہ ملکی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے ہر نسل کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا،سمندر پار پاکستانی وطن کی شناخت پر فخر کریں، اپنے ملک کی تاریخ، ثقافت اور اقدار سے جڑے رہیں اور دنیا کے ہر خطے میں محنت، لگن اور دیانت داری سے آگے بڑھیں تاکہ ان کی صلاحیتوں اور کامیابیوں سے پاکستان کا نام بلند ہو سکے اور دنیا کے سامنے ملک کا روشن اور مثبت تشخص اجاگر ہو۔ انہوں نے یہ بات آسٹریلیا پاکستان یوتھ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کی۔ دفترِ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو، پنجاب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں آسٹریلوی ہائی کمشنر، آسٹریلوی رکنِ پارلیمنٹ سمیت پاکستانی کمیونٹی، کاروباری شخصیات، ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور میڈیا کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے قومی جوش و جذبے کے ساتھ پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی خوشیاں منائیں اور قومی اتحاد، حب الوطنی اور پاکستانی ثقافتی ورثے کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

ایم پی اے سارہ احمد نے اپنے خطاب میں پاکستانی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے آسٹریلیا آ کر یہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے مل کر دلی خوشی ہوئی۔ آپ سب اپنے کردار، صلاحیتوں اور کامیابیوں کے ذریعے پاکستان کے برانڈ ایمبیسیڈرز اور حقیقی نمائندے ہیں۔ آپ اپنے اپنے شعبوں اور میزبان ملک میں جو نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں، ہمیں آپ پر فخر ہے اور آپ کی ہر کامیابی درحقیقت پاکستان کی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان استحکام، خودمختاری اور معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے ہر نسل کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔سارہ احمد نے آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پاکستانی شناخت پر فخر کریں، اپنے ملک کی تاریخ، ثقافت اور اقدار سے جڑے رہیں اور دنیا کے ہر خطے میں محنت، لگن اور دیانت داری سے آگے بڑھیں تاکہ ان کی صلاحیتوں اور کامیابیوں سے پاکستان کا نام بلند ہو سکے اور دنیا کے سامنے ملک کا روشن اور مثبت تشخص اجاگر ہو۔

چیئرپرسن نے کہا کہ ہمیں ایسا پاکستان بنانا ہے جہاں ہر بچے کو تحفظ، عزت، معیاری تعلیم اور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو استحصال اور بدسلوکی کا شکار بچوں کو تحفظ، بحالی، تعلیم اور ہنر کے ذریعے باعزت اور خودمختار مستقبل فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی نہ صرف اپنے میزبان ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کے سفیر کے طور پر بھی ملک کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں۔تقریب میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوستی اور باہمی تعلقات کو بھی اجاگر کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور جشنِ آزادی کو قومی جوش و جذبے اور بھرپور ولولے کے ساتھ منایا گیا۔

مزید خبریں