قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد جموں و کشمیر کا 17واں وزیراعظم منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے
قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا افتخار گیلانی کو آزاد کشمیر کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد
اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد جموں و کشمیر کا 17واں وزیراعظم منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ بیرسٹر افتخار گیلانی کا آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے منصب پر انتخاب جمہوری عمل اور عوامی مینڈیٹ کا مظہر ہے، امید ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں، سیاسی بصیرت اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے مؤثر کردار ادا کریں گے۔
سیدال خان نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی اور وفاق کے درمیان مضبوط اور مؤثر رابطہ دونوں جانب کے معاملات کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے کے لئے نہایت اہم ہے، اس رابطے کو مزید مستحکم بنانے کے لئے تمام جمہوری قوتوں اور منتخب نمائندوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی قیادت اور قانون ساز اسمبلی وفاق اور آزاد کشمیر کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہیں جس سے باہمی روابط، تعاون اور عوامی مسائل کے حل کی راہیں ہموار ہوتی ہیں، وفاقی اور آزاد کشمیر کے اداروں کے درمیان مربوط تعاون سے خطے میں ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے
۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر عوام کو درپیش مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی، نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، تعلیم و صحت کے شعبوں میں بہتری اور خطے کی معاشی ترقی کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔سیدال خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی قومی ترجیحات کا اہم حصہ ہے۔ وفاق اور آزاد کشمیر کے درمیان باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید فروغ دے کر عوامی فلاح کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے نومنتخب وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں نئی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھانے اور آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔









