قومی اسمبلی میں پمز آتشزدگی کے واقعے میں معصوم نومولود بچوں کی اموات پر اظہار افسوس کی قرارداد متفقہ طور پر منظور، غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

قومی اسمبلی نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں حالیہ آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں معصوم نومولود بچوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):قومی اسمبلی نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں حالیہ آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں معصوم نومولود بچوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے،قرارداد میں افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے اسباب و حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

یہ قرارداد جمعہ کوقومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران رکن قومی اسمبلی، پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات اور وفاقی رابطہ کار برائے پارلیمانی کاکس برائے حقوق اطفال دانیال چوہدری نے پیش کی۔ ایوان نے قرار دیا کہ اگر اس المناک واقعے میں کسی قسم کی غفلت یا حفاظتی اقدامات میں کوتاہی ثابت ہوتی ہے تو یہ انتہائی سنگین معاملہ ہے۔ ایوان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے کے ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔قرارداد میں مزید مطالبہ کیا گیا کہ حکومت واقعے سے متعلق تمام حقائق سامنے لائے، کسی بھی غفلت یا حفاظتی اقدامات میں کوتاہی کے ذمہ داروں کا تعین کرے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائے۔

ایوان نے زور دیا کہ جہاں غفلت یا مقررہ حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث معصوم جانوں کا ضیاع ہوا ہو، وہاں ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنایا جائے۔ ایوان نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت کے زیر انتظام ہسپتالوں بالخصوص نومولود اور بچوں کے یونٹس میں فائر سیفٹی پروٹوکولز اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مثر انتظامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ حفاظتی انتظامات کو مزید موثر بنایا جا سکے اور مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔ ایوان نے جاں بحق ہونے والے نومولود بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کے لیے صبر و حوصلہ عطا فرمائے۔