اینٹی کرپشن سیالکوٹ کی کارروائی، موروثی جائیداد کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم گرفتار

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سیالکوٹ نے موروثی جائیداد، مبینہ جعلسازی اور ریونیو ریکارڈ میں ردوبدل سے متعلق مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم خالد محمود ولد اللہ دتہ کو گرفتار کر لیا ہے

سیالکوٹ۔ 28 اگست (اے پی پی):اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سیالکوٹ نے موروثی جائیداد، مبینہ جعلسازی اور ریونیو ریکارڈ میں ردوبدل سے متعلق مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم خالد محمود ولد اللہ دتہ کو گرفتار کر لیا ہے۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم کے خلاف متعلقہ انسدادِ بدعنوانی قوانین کے تحت مقدمہ درج ہے اور اس پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور پر بعض ریونیو اہلکاروں کے ساتھ ملی بھگت کرکے جعلی انتقال کے ذریعے اپنے بڑے بھائی کے قانونی ورثاء کو ان کے جائز حقِ وراثت اور موروثی جائیداد سے محروم کرنے کی کوشش کی۔

مقدمے میں سرکاری ریکارڈ کے مبینہ غلط استعمال اور جعلسازی کے پہلوؤں کی بھی تحقیقات کی گئی ہیں۔ مقدمہ میں مطلوب خالد محمود کو اشتہاری قرار دیے جانے کے بعد گرفتار کیا گیا جبکہ متعلقہ مقدمے کی تفتیش مکمل کی جا چکی ہے۔اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری ریکارڈ میں جعلسازی، اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال اور شہریوں کے قانونی حقوق کو متاثر کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رہیں گی۔