قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کا بلوچستان میں میڈیا، خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور

قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی صحافی سمیرا راجپوت اختر جان نے وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی صحافی سمیرا راجپوت اختر جان نے وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان میں صحافیوں کو درپیش مسائل، میڈیا کے فروغ، خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے، روزگار کے مواقع اور سماجی و معاشی ترقی سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ صحافت ریاست کا اہم ستون اور جمہوری معاشرے کی مؤثر آواز ہے، صحافی عوام کو باخبر رکھنے، معاشرتی مسائل کی نشاندہی کرنے اور عوامی مسائل کو متعلقہ فورمز تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کا حل، ان کے حقوق کا تحفظ اور فلاح و بہبود یقینی بنانا ناگزیر ہے جس کے لئے مؤثر اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم اور قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہےجہاں نوجوانوں اور خواتین میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ان صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے تعلیم، ہنر، روزگار، کاروبار اور دیگر شعبوں میں مساوی مواقع اور ضروری وسائل کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔

سیدال خان ناصر نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری پائیدار ترقی کی بنیادی شرط ہے، خواتین کو ہنرمندی، چھوٹے کاروبار، روزگار اور کاروباری سرگرمیوں کے لئے سہولیات اور مواقع فراہم کرکے نہ صرف انہیں معاشی طور پر خودمختار بنایا جا سکتا ہے بلکہ ان کے خاندانوں اور مجموعی معاشرے کی معاشی حالت بھی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور ملک کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں، بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیت، توانائی اور آگے بڑھنے کا جذبہ موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں معیاری تعلیم، فنی تربیت، روزگار، کاروبار اور مثبت سرگرمیوں کے لئے مناسب مواقع، وسائل اور رہنمائی فراہم کی جائے۔انہوں نے بلوچستان میں میڈیا سے وابستہ افراد کو درپیش مسائل کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور فعال میڈیا معاشرے میں مثبت تبدیلی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے ناگزیر ہے، بلوچستان کے صحافیوں کے مسائل کے حل اور انہیں درپیش مشکلات کو متعلقہ فورمز پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ملاقات کے دوران سمیرا راجپوت اختر جان نے بلوچستان کی خواتین کو بااختیار بنانے، چھوٹے اور گھریلو کاروبار کے فروغ، کاروباری گرانٹس کی فراہمی اور خواتین کے لئے مستقبل میں معاونت کے مختلف امکانات پر بھی گفتگو کی۔

انہوں نے بلوچستان کی خواتین کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے خواتین اور نوجوانوں کو ترقی کے قومی دھارے میں مؤثر طور پر شامل کرنے اور انہیں بااختیار بنانے کے لئے اجتماعی اور مربوط کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے میڈیا، خواتین اور نوجوانوں کے کردار کو مزید مؤثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ملاقات میں میڈیا، خواتین اور نوجوانوں کے شعبوں میں مستقبل میں تعاون اور معاونت کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سمیرا راجپوت اختر جان نے بلوچستان کی خواتین کی آواز کو قومی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور ان کے لئے تعلیم، روزگار، کاروبار اور معاشی خودمختاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔