ڈی پی او شانگلہ کا بشام کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ (پی ایس پی) نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے متوقع دورۂ بشام کے سلسلے میں بشام کا دورہ کیا

پشاور۔ 28 اگست (اے پی پی):ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ (پی ایس پی) نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے متوقع دورۂ بشام کے سلسلے میں بشام کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن شانگلہ سلیم امان اللہ خان، ایس ڈی پی او بشام عثمان منیر، ڈی ایس پی سیکیورٹی نعیم خان سمیت دیگر پولیس افسران اور جوان بھی موجود تھے۔ ترجمان شانگلہ پولیس کے مطابق ڈی پی او شانگلہ نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورۂ بشام حوالے بشام بازار اور شاہراہِ قراقرم پر کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو سیکیورٹی انتظامات مزید مؤثر اور مربوط بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

ڈی پی او شانگلہ نے ہیلی پیڈ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر بشام جاوید کے ساتھ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورے حوالے مختلف انتظامی اور سیکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ پی ایس پی نے ہدایت کی کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورہ بشام کو پرامن، محفوظ اور منظم انداز میں یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور سیکیورٹی کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔