میئر کراچی نے ضلع ملیر میں میمن گوٹھ روڈ بحالی منصوبے کا افتتاح کردیا

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع ملیر میں 23 کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد لاگت سے مکمل ہونے والے میمن گوٹھ روڈ بحالی منصوبے کا افتتاح کردیا

کراچی۔ 28 اگست (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع ملیر میں 23 کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد لاگت سے مکمل ہونے والے میمن گوٹھ روڈ بحالی منصوبے کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل اراکین، منتخب نمائندے اور دیگر بھی موجود تھے، منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میمن گوٹھ روڈ بحالی منصوبے کی مجموعی لمبائی 8529 رننگ میٹر ہے اور سڑک کے دونوں طرف بحالی و تعمیراتی کام بھی کیے گئے ہیں، منصوبے کے تحت سڑک کی چوڑائی میں اوسطاً 2 میٹر تک توسیع کی گئی جبکہ دونوں طرف اوسطاً 1.2 میٹر چوڑے شولڈرز بھی تعمیر کیے ہیں، منصوبے کے تحت 35 ہزار 437 مربع میٹر رقبے پر اسفالٹک وئیرنگ کورس بچھایا گیا جبکہ 3 ہزار مربع میٹر رقبے پر 80 ملی میٹر موٹے پیورز اور شولڈرز پر 17 ہزار مربع میٹر رقبے میں 60 ملی میٹر موٹے پیورز لگائے گئے، ٹریفک کی روانی اور رہنمائی کے لیے 150 ملی میٹر چوڑی پیلی اور سفید لین مارکنگ کی گئی جبکہ ضرورت کے مطابق کیٹ آئیز بھی نصب کی گئی ہیں،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر سے قبل ٹریفک، سیوریج اور بیس کے تمام ضروری کام مکمل کئے گئے ہیں،

مکران روڈ پر بعض سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ دیگر سڑکوں کے لئے ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہے، رواں سال کے اختتام تک مکران روڈ کے پورے علاقے میں ترقیاتی کام مکمل کرلئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ملیر کی ہریالی، فصلیں اور دیہی ثقافت کراچی کے مثبت تشخص کی عکاسی کرتی ہیں، ہمارا ہدف شہر کے مختلف علاقوں کو آپس میں جوڑنا اور مزید بہتر بنانا ہے،انہوں نے کہا کہ شاہراہ کی بہتری کے باعث شہر سے ملیر تک سفر کا دورانیہ کم ہو کر پندرہ سے بیس منٹ رہ گیا ہے، ایئرپورٹ سے چیک پوسٹ تک ڈوئل کیریج وے منصوبے پر بھی کام جاری ہے، یہ منصوبہ کاٹھور اور ایئرپورٹ کے پچھلے حصے کو موٹروے سے منسلک کرے گا، انہوں نے بتایا کہ ایئرپورٹ بیک سائیڈ روڈ منصوبہ اکتوبر کے وسط تک مکمل کرکے عوام کے لئے کھول دیا جائے گا جس سے شہریوں کو آمدورفت میں مزید سہولت حاصل ہوگی، انہوں نے کہا کہ پانچ سو سال پرانے چوکنڈی قبرستان میں میوزیم تعمیر کیا جا رہا ہے اس حوالے سے صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سے رابطے میں ہیں، چوکنڈی قبرستان صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت کے کنٹرول میں ہے جبکہ میوزیم کے قیام کے لئے مالی معاونت بھی کی گئی ہے،

انہوں نے کہا کہ میوزیم کے ذریعے بچوں اور نوجوانوں کو کراچی اور ملیر کی قدیم تاریخ، تہذیب اور ثقافت سے آگاہ کیا جائے گا، شہر بھر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے تاریخی اور ثقافتی منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کا مقدمہ لڑائی کے بجائے دلیل، تمیز اور احترام کے ساتھ لڑتے ہیں اور مہذب انداز میں اپنا مؤقف پیش کرنے سے ہی کراچی کا مقدمہ کامیاب ہوسکتا ہے۔