ہندو جنرل پنچایت ڈیرہ مراد جمالی کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری، ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے عہدیداران سے حلف لیا

ہندو جنرل پنچایت ڈیرہ مراد جمالی کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری، ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے عہدیداران سے حلف لیا ۔واضح رہے کہ ہندو جنرل پنچایت ڈیرہ مراد جمالی کی جانب سے ہندو محلہ میں شادی ہال ڈیرہ مراد جمالی میں ایک پروقار تقریبِ حلف برداری کا انعقاد کیا گیا

کوئٹہ۔ 28 اگست (اے پی پی):ہندو جنرل پنچایت ڈیرہ مراد جمالی کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری، ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے عہدیداران سے حلف لیا ۔واضح رہے کہ ہندو جنرل پنچایت ڈیرہ مراد جمالی کی جانب سے ہندو محلہ میں شادی ہال ڈیرہ مراد جمالی میں ایک پروقار تقریبِ حلف برداری کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل تھے ۔تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہندو جنرل پنچایت کی متفقہ طور پر منتخب ہونے والی تین سالہ نئی کابینہ کے عہدیداران سے حلف لیا ۔تقریب میں ہندو برادری کے معززین، پنچایت کے اراکین، نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی متفقہ طور پر منتخب ہونے والی کابینہ میں مکھی مانک لال پریانی چئرمین ہپل داس اجوانی وائس چئرمین، سیٹھ تارا چند کالرا صدر، گھنشام داس ککریجا سینئر نائب صدر جبکہ دیگر عہدیداران بھی شامل ہیں ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے نومنتخب کابینہ کے عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حلف محض چند الفاظ کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک اہم ذمہ داری عہد اور اعتماد کی علامت ہے نومنتخب عہدیداران پر لازم ہے کہ وہ اپنے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے ہندو برادری کی فلاح و بہبود اجتماعی مسائل کے حل اور بنیادی حقوق کے حصول کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں

انہوں نے کہا کہ ہندو جنرل پنچایت ایک اہم نمائندہ فورم کی حیثیت رکھتی ہے اس لیے کابینہ کے اراکین کو باہمی اتحاد اتفاقِ رائے مشاورت اور افہام و تفہیم کے ذریعے برادری کے مسائل کو متعلقہ فورمز تک پہنچانا چاہیے ضلعی انتظامیہ بھی عوامی مسائل کے حل اور اقلیتی برادری کو درپیش جائز مشکلات کے ازالے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال اور جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوان نسل کے لیے اعلیٰ تعلیم کا حصول ناگزیر ہے نوجوان اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں جدید علوم اور فنی مہارتیں حاصل کریں اور اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری ملکی آبادی کا ایک اہم حصہ ہے اور ماضی میں ہندو برادری کی بڑی تعداد نے کاروبار اور تجارت کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں تاہم موجودہ دور مسابقت اور جدید تعلیم و مہارت کا دور ہے اس لیے ضروری ہے کہ نوجوان نسل کاروبار اور تجارت کے ساتھ ساتھ تعلیم ٹیکنالوجی جدید ہنر اور دیگر پیشہ ورانہ شعبوں میں بھی آگے بڑھے تاکہ وہ نہ صرف اپنے خاندان اور برادری بلکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کرسکیں.انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے

اس لیے والدین برادری کے بزرگوں اور منتخب نمائندہ اداروں کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں کی تعلیم تربیت اور رہنمائی پر خصوصی توجہ دیں اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کریں.تقریب کے اختتام پر ہندو جنرل پنچایت ڈیرہ مراد جمالی کی نومنتخب کابینہ کے عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ باہمی اتحاد اتفاق مشاورت اور اجتماعی سوچ کو فروغ دیتے ہوئے ہندو برادری کے اجتماعی مسائل کے حل فلاح و بہبود تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کی بہتر رہنمائی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ برادری کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلتے ہوئے معاشرے میں بھائی چارے رواداری اور باہمی احترام کی فضا کو مزید مضبوط بنایا جائے گا.