پرائیویٹ حج سکیم کے تحت اب تک حج منظم کمپنیوں کی طرف سےصرف 54 درخواستیں جمع ہوئی ہیں، حج منظم کمپنیوں کو آخری اور حتمی مہلت دیتے ہوئے 31 اگست کی ڈیڈ لائن مقررکر دی ہے، وزارت مذہبی امور

پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 71 ہزار 684 نشستوں پر اب تک حج منظم کمپنیوں کی طرف سےصرف 54 درخواستیں جمع ہوئی ہیں جو 40 فیصد کوٹے کا 0.1 فیصد ہے ۔ وزارت مذہبی امور کی طرف سے ٹور آپریٹرز کو ایک خط کے ذریعہ کہا گیا ہے کہ 3 دن میں پیکج فعال کریں ورنہ حج کوٹہ ضبط کیا جا سکتا ہے

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 71 ہزار 684 نشستوں پر اب تک حج منظم کمپنیوں کی طرف سےصرف 54 درخواستیں جمع ہوئی ہیں جو 40 فیصد کوٹے کا 0.1 فیصد ہے ۔ وزارت مذہبی امور کی طرف سے ٹور آپریٹرز کو ایک خط کے ذریعہ کہا گیا ہے کہ 3 دن میں پیکج فعال کریں ورنہ حج کوٹہ ضبط کیا جا سکتا ہے ۔ وزارت مذہبی امور کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور نے خط کے ذریعہ حج منظم کمپنیوں کو آخری اور حتمی مہلت دیتے ہوئے 31 اگست کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے۔31 اگست کے بعد نجی حج آپریٹرز کا غیر فعال کوٹہ ضبط کیا جا سکتا ہے۔5 روز میں 71 ہزار 684 کے نجی کوٹے پر صرف 54 عازمین کی بکنگ ہو سکی۔ بکنگ کا تناسب صرف 0.1 فیصد رہا جبکہ99.9 فیصد نجی حج کوٹہ باقی ہے اور وقت محدود رہ گیا ہے۔ حج منظم کمپنیوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ تین دن میں مکمل حج پیکج فعال نہ کیے تو سخت کارروائی ہوگی۔ خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام مختص کوٹہ کے مطابق پیکج کیٹیگریز فعال کی جائیں ۔

تین روز تک ہدایت کی عدم تعمیل پرغیر فعال کوٹہ ضبط کیا جا سکتا ہے۔ حج پیکیجز بروقت فعال نہ کرنے پر غیر فعال کوٹہ دیگر حج کمپنیوں کو دیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر فعال کوٹہ سرکاری سکیم میں بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔تین دن کے اندر تمام پیکیجز حج مینجمنٹ سسٹم پر فعال کرنا ہوں گے۔عازمین پہلی مرتبہ وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ سے نجی حج پیکج کا انتخاب کر سکیں گے۔ آئندہ برس نجی حج کے لئے وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر پیکجز مشتہر کرنا ضروری ہے ۔ واضح رہے کہ پرائیویٹ حج سکیم کے واجبات کی وصولی کا 23 اگست کو آغاز ہوا تھا۔نجی سکیم کے 40 فیصد کوٹے کے تحت 71 ہزار 684 نشستوں پر حج اخراجات وصول کئے جا رہے ہیں۔