نشاط گرلز سکول میں ہراسمنٹ سے بچاؤ پر آگاہی سیمینار

نشاط گرلز سکول ایم ڈی اے چوک میں ہراسمنٹ کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس پی کینٹ ڈویژن ڈاکٹر خدیجہ عمر نے بطور مہمان خصو صی شرکت کی اور طالبات سے خطاب کیا۔

ملتان۔ 28 اگست (اے پی پی):نشاط گرلز سکول ایم ڈی اے چوک میں ہراسمنٹ کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس پی کینٹ ڈویژن ڈاکٹر خدیجہ عمر نے بطور مہمان خصو صی شرکت کی اور طالبات سے خطاب کیا۔ سیمینار کا مقصد طالبات میں ہراسمنٹ کی مختلف اقسام، اس سے بچاؤ، قانونی حقوق اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطے کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔ایس پی کینٹ ڈاکٹر خدیجہ عمر نے کہا کہ طالبات کسی بھی قسم کی ہراسمنٹ کا سامنا ہونے کی صورت میں خاموش نہ رہیں بلکہ بروقت اپنے والدین، اساتذہ یا متعلقہ اداروں کو آگاہ کریں۔ انہوں نے پولیس کے ساتھ تعاون اور جرائم کی بروقت اطلاع دینے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ ملتان پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور خواتین و طالبات کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔

پولیس کا مقصد شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنے قانونی حقوق اور ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کرنا ہے۔ڈاکٹر خدیجہ عمر نے کہا کہ نوجوان نسل میں قانون سے متعلق شعور پیدا کرنا معا شرے کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے پولیس کے مثبت کردار اور اچھے امیج کو اجاگر کرنے کے لیے طالبات میں آگاہی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔سیمینار کے دوران طالبات نے ہراسمنٹ، قانونی تحفظ اور پولیس سے رابطے کے طریقہ کار سے متعلق مختلف سو الات کیے، جن کے ایس پی کینٹ نے تفصیلی جوابات دیے۔ سیمینار کے اختتام پر طالبات کو اپنے تحفظ اور بروقت اطلاع رسانی کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کی گئیں۔