گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ قوموں کی پہچان مشکلات سے نہیں بلکہ مشکلات کا مقابلہ کرنے کے عزم، حوصلے اور مستقبل کی سٹرٹیجی سے ہوتی ہے
پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا راستہ بلوچستان کی ترقی سے وابستہ ہے،ہمیں متحد ہو کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے،گورنر بلوچستان

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 28 اگست (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ قوموں کی پہچان مشکلات سے نہیں بلکہ مشکلات کا مقابلہ کرنے کے عزم، حوصلے اور مستقبل کی سٹرٹیجی سے ہوتی ہے،موجودہ حکومت نے ایک ایسے وقت میں اقتدار سنبھالا جب ملک کو معاشی دباؤ، سیاسی بے یقینی، توانائی کے مسائل، عالمی سطح پر بدلتی ہوئی صورتحال جیسے کئی پیچیدہ چیلنجز درپیش تھے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے ان مشکل حالات میں کئی بحرانوں پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات کئے اور ملک کو استحکام کی طرف لے جانے کیلئے کوششیں کیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اراکین اسمبلی سے علیحدہ علیحدہ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہمیں یہ حقیقت سمجھنی ہوگی کہ جب ہم ایک مسئلے کے حل کی طرف بڑھتے ہیں تو خطے میں پیدا ہونے والی نئی صورتحال بعض اوقات نئے چیلنجز سامنے لے آتی ہے
اس لئے ہمیں مستقل مزاجی، دانشمندی اور دور اندیشی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ ہم مایوسی اور ناامیدی کے اندھیروں سے نکل کر امید اور دیرپا ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے خطے میں سیاسی، تجارتی اور معاشی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور پاکستان و بلوچستان کیلئے ترقی و خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، ان مواقعوں اور دستیاب سہولیات سے فائدہ اٹھانے کیلئے ہم سب کا کردار نہایت اہم ہے۔ گورنر جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا راستہ بلوچستان کی ترقی سے وابستہ ہے، اپنے منفرد جغرافیائی محل وقوع، وسیع ساحلی پٹی، قدرتی وسائل، معدنی ذخائر ، وسطی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ سے رابطے کی صلاحیت کے باعث بلوچستان پورے خطے کے معاشی جمود کو توڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے،ملک کو ترقی کی بلندیوں پر لے جانے کیلئے ہمیں متحد ہو کر کام کرنا ہو گا۔







