چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا مضبوط پارلیمانی سفارت کاری، بین الاقوامی قانون کے مساوی اطلاق پر زور

چیئرمین سینیٹ آف پاکستان اور بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس ( آئی ایس سی )کے بانی چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے امن اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مضبوط پارلیمانی سفارت کاری، بین الاقوامی قانون کے مساوی اطلاق اور تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا ہے

نوم پنہ، کمبوڈیا۔29اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ آف پاکستان اور بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس ( آئی ایس سی )کے بانی چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے امن اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مضبوط پارلیمانی سفارت کاری، بین الاقوامی قانون کے مساوی اطلاق اور تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوم پنہ میں دوسری بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے عام مباحثہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مباحثہ کا موضوع ’’امن اور مشترکہ خوشحالی کے لیے یکجہتی‘‘ نظریات سے عمل کی طرف بڑھنا چاہیے منتخب کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ امن کا انتخاب نہیں ہو سکتا، کہیں بھی امن کے لیے خطرہ ہر جگہ کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا یہی وہ مقام ہے جہاں سے ہم بیان بازی سے حقیقت کی طرف سفر کرتے ہیں۔امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری میں پاکستان کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اختلافات کے حل کے لیے سفارت کاری اور رابطوں کیلئے پل کی تعمیر ضروری ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی قانون کا تمام ریاستوں پر یکساں اطلاق ہونا چاہیے۔ انہوں نے عالمی قوانین کی تشکیل میں گلوبل ساؤتھ کی زیادہ نمائندگی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیما نز کو معاہدوں کی توثیق، احتساب کو یقینی بنانا اور منصفانہ بین الاقوامی اصولوں کو فروغ دینا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کا سامنا کیا ہے اور لاکھوں پناہ گزینوں کی میزبانی کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم تنازعات کی قیمت جانتے ہیں، اسی لیے ہم امن کا انتخاب کرتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے آئی ایس سی کی کامیاب میزبانی پر کمبوڈیا کو مبارکباد دی،حالیہ تباہی پر نیپال کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور آئی ایس سی کے آئندہ میزبان کے طور پر انڈونیشیا کا خیرمقدم بھی کیا۔انہوں نے آئی ایس سی کو ایک مستقل ادارے کی صورت میں تیزی سے رسپانس میکانزم، فیکٹ فائنڈنگ مشنز اور امن و سلامتی پر مستقل پارلیمانی مشغولیت کے ساتھ مضبوط کرنے کی تجویز پیش کی۔سیشن کی مشترکہ صدارت کمبوڈیا کی سینیٹ کے پہلے نائب صدر اوچ بورتھ نے کی۔

مزید خبریں