وزیر صحت پنجاب کی زیر صدارت سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں آتشزدگی کے واقعات سے بچا وکیلئے اعلی سطحی اجلاس

وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ صحت پنجاب کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں آتشزدگی کے واقعات سے بچا وکیلئے موثر اقدامات سے متعلق محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا

لاہور۔29اگست (اے پی پی):وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ صحت پنجاب کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں آتشزدگی کے واقعات سے بچا وکیلئے موثر اقدامات سے متعلق محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے شرکت کی ۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر اور سی ای او آئی ڈیپ کیپٹن ریٹائرڈ شاہ میر اقبال نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔تمام ڈویژنل کمشنرز، وائس چانسلرز، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز، ایم ایس حضرات و دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ہسپتالوں میں فائر سیفٹی اور ایمرجنسی رسپانس کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے غفلت یا کوتاہی پر ایکشن کی ہدایت کرتے ہوئے بتایاکہ ہسپتالوں میں فائر سیفٹی و الیکٹریکل سیفٹی کے اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے،مریضوں اور ہسپتال کے عملے کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ریسکیو 1122 کی جانب سے تمام ہسپتالوں میں عملے کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کی باقاعدہ تربیت فراہم کی جا رہی ہے، اعلی افسران سے لے کر تمام سطح کے ملازمین تک ہر فرد کو ایمرجنسی رسپانس اور فائر سیفٹی کی تربیت حاصل ہونا ضروری ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہسپتالوں میں عملے کی ذمہ داریوں کا واضح تعین کرتے ہوئے موثر احتساب کا نظام بنایا جا رہا ہے،غفلت، لاپرواہی اور غیر ذمہ داری کے معاملے میں زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی،جو افسر یا ملازم اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتا، اس کے خلاف قانون اور قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ریسکیو 1122 کی ٹیموں کو تمام ہسپتالوں کے ساتھ مربوط کیا جائے تاکہ ہر ہسپتال کے لیے جامع ایمرجنسی پلان، خطرات کی نشاندہی اور ضروری حفاظتی آلات کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ہسپتال انتظامیہ اپنے دائرہ اختیار میں انتظامی امور اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات کو یقینی بنائے۔سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ تمام ہسپتالوں کے ادارہ جاتی فریم ورک کا ازسرنو جائزہ لے کر بہتری کے اقدامات کئے جا رہے ہیں،پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں ہنگامی بنیادوں پر فائر الارم اور فائر ڈیٹیکشن سسٹم کی تنصیب کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ہسپتالوں میں بجلی کے آلات، وائرنگ و دیگر برقی نظام کا تفصیلی معائنہ کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں صوبائی سطح پر ٹاسک فورس بنائی گئی ہے جو تمام ہسپتالوں کے دورے کر کے اس امر کو یقینی بنائے گی کہ تمام حفاظتی اور احتیاطی اقدامات پر مکمل عمل درآمد ہو۔سیکرٹری صحت پنجاب نے تمام ہسپتالوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی کہ وہ ریسکیو 1122 کے تعاون سے آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر انخلا اور ایمرجنسی رسپانس پلان تیار کریں ، ہر وارڈ میں ذمہ دار سیفٹی آفیسرز تعینات کر دیئے گئے ہیں جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات کا ذمہ دار ہوں گے،تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی تربیت، موک ایکسرسائزز اور حفاظتی آلات کی جانچ کو فوری طور پر اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔ آکسیجن کے محفوظ استعمال اور آکسیجن سلنڈرز کے باعث ممکنہ آگ کے خطرات کے پیش نظر آکسی میٹرز کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔محکمہ مواصلات و تعمیرات کی ٹیموں کے ساتھ عمارتوں کا سروے کرکے تعمیراتی اور حفاظتی آڈٹ بھی مکمل کیا جا رہا ہے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ مواصلات و تعمیرات اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ذریعے ہسپتالوں میں موجود تمام ممکنہ خطرات کی نشاندہی اور بروقت تدارک کریں۔