سندھ حکومت کا آئندہ مرحلے میں میرپورخاص میں پنک الیکٹرک سکوٹیز تقسیم کرنے کا فیصلہ
سندھ حکومت کا آئندہ مرحلے میں میرپورخاص میں پنک الیکٹرک سکوٹیز تقسیم کرنے کا فیصلہ

مزید خبریں
کراچی۔ 30 اگست (اے پی پی):سندھ حکومت نے آئندہ مرحلے میں میرپورخاص میں پنک الیکٹرک سکوٹیز تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پنک الیکٹرک سکوٹی اور تربیتی پروگرام کیلئے اب تک 50ہزار سے زائد خواتین درخواستیں دے چکی ہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ خواتین حکومت سندھ کے اس پروگرام میں بھرپور دلچسپی رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے اب تک 2 ہزار سے زائد خواتین کو ڈرائیونگ اور متعلقہ تربیت فراہم کی جا چکی ہے جبکہ تربیتی عمل کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور شہید بینظیرآباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں جاری ہے۔
حکومت کا مقصد زیادہ سے زیادہ خواتین کو محفوظ طریقے سے سکوٹی چلانے کے قابل بنانا ہے تاکہ وہ اپنی نقل و حرکت کو آسان بنا سکیں اور معاشی و سماجی سرگرمیوں میں مزید فعال کردار ادا کر سکیں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 925 جبکہ دوسرے مرحلے میں 476 اسکوٹیز مختص کی گئیں، جبکہ اب تک 810 سے زائد سکوٹیز خواتین میں مفت تقسیم کی جا چکی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ان میں کراچی میں 410، سکھر میں 200 اور حیدرآباد میں 200 سکوٹیز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اس پروگرام کو صوبے کے مختلف علاقوں تک وسعت دے رہی ہے اور آئندہ مرحلے کے دوران میرپورخاص میں پنک الیکٹرک سکوٹیز تقسیم کی جائیں گی۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پنک الیکٹرک سکوٹی پروگرام کا بنیادی مقصد خواتین کو بااختیار بنانا، انہیں نقل و حرکت کی آزادی، خوداعتمادی اور معاشی مواقع فراہم کرنا ہے۔








