پاکستانی سٹاراحتشام ہمایوں کا ایک اور اعزاز، ورلڈ ٹینس جونیئر چیمپئن شپ میں J60 ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کر لیا،پی ٹی ایف صدر اور سیکرٹری جنرل کی مبارکباد

پاکستانی سٹاراحتشام ہمایوں کا ایک اور اعزاز، ورلڈ ٹینس جونیئر چیمپئن شپ میں J60 ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کر لیا،پی ٹی ایف صدر اور سیکرٹری جنرل کی مبارکباد

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):پاکستان کے نوجوان ٹینس کھلاڑی احتشام ہمایوں نے تیونس کے شہر میگرین میں منعقدہ ورلڈ ٹینس جونیئر چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے J60 ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔احتشام ہمایوں نے سوئٹزرلینڈ کے جوشوا اولیور زاپ کے ساتھ جوڑی بنائی اور پورے ٹورنامنٹ میں عمدہ کھیل پیش کیا۔

فائنل میں پاکستانی اور سوئس جوڑی نے مراکش کے زید احفر اور الجزائر کے یاسین میغاری کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-4، 6-2 سے شکست دے کر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔ احتشام ہمایوں ایس اکیڈمی پاکستان میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔ ان کی حالیہ بین الاقوامی کامیابی پاکستان کے نوجوان ٹینس کھلاڑیوں میں موجود بڑھتے ہوئے ٹیلنٹ اور معیاری تربیت و بین الاقوامی مقابلوں کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف ) کے صدر عصام الحق قریشی اور سیکرٹری جنرل پی ٹی ایف کرنل ضیاء الدین طفیل نے احتشام ہمایوں کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے اور ملک کا نام روشن کرتے دیکھ کر انہیں خوشی اور فخر محسوس ہوتا ہے۔

پی ٹی ایف قیادت نے احتشام ہمایوں کی محنت، لگن اور عزم کو سراہتے ہوئے مستقبل کے بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں ان کے لیے مزید کامیابیوں کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزید خبریں