بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام تک دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، وزیر اعلی سرفراز بگٹی

بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام تک دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، وزیر اعلی سرفراز بگٹی

کوئٹہ۔ 30 اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آواران میں آپریشن ردّ الفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ چار خوارج کا جہنم واصل ہونا دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے ۔

اتوار کو جاری اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر خوارج کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر مؤثر فضائی نگرانی کی اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے درست کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد عناصر کو کاری ضرب لگائی۔ خوارج کے قبضے سے بڑی مقدار میں عسکری سامان اور آلات کی برآمدگی بھی اہم کامیابی ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کو نقصان پہنچانے اور بے گناہ شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

ریاستی ادارے پوری قوت، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ امن کے دشمنوں کو مسترد کیا ہے اور وہ اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام تک دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی وزیر اعلیٰ نے کارروائی میں حصہ لینے والے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات اور قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

مزید خبریں