یوتھ سینیٹ آرگنائزیشن آف پاکستان مستقبل کی قیادت کو بااختیار بنانے کی جانب اہم قدم ہے، افنان مشال

وزیراعظم یوتھ پروگرام کی فوکل پرسن افنان مشال نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو بامقصد مواقع، قیادت کی صلاحیتوں اور قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، نوجوانوں کے پلیٹ فارمز کا مقصد نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو تعمیری، ذمہ دار اور نتیجہ خیز کردار میں ڈھالنا چاہئے۔

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کی فوکل پرسن افنان مشال نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو بامقصد مواقع، قیادت کی صلاحیتوں اور قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، نوجوانوں کے پلیٹ فارمز کا مقصد نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو تعمیری، ذمہ دار اور نتیجہ خیز کردار میں ڈھالنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) آڈیٹوریم میں یوتھ سینیٹ آرگنائزیشن آف پاکستان (وائی ایس او پی) کی افتتاحی اور حلف برداری کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

افنان مشال نے یوتھ سینیٹ آرگنائزیشن آف پاکستان کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو منظم انداز میں قومی معاملات سے جوڑنے والے پلیٹ فارمز قیادت سازی، سیاسی شعور اور ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ایمن جلیل جان نے بھی نوجوانوں کو اپنی سوچ اور خیالات کے اظہار کے لئے تعمیری مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جمہوری، سماجی اور قومی امور میں مثبت انداز میں شامل کیا جانا چاہئے۔صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سردار طاہر محمود نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل اس امر سے وابستہ ہے کہ ہم اپنی نوجوان آبادی کی صلاحیتوں کو کس مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، کاروباری مواقع اور قائدانہ صلاحیتوں سے آراستہ کر کے انہیں ملک کی معاشی اور سماجی ترقی کی متحرک قوت بنایا جا سکتا ہے۔سابق سینیٹر میاں محمد عتیق نے نوجوانوں میں سیاسی شعور، جمہوری اقدار، برداشت اور باخبر مکالمے کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی طور پر باشعور اور پختہ نوجوان نسل ہی جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور مستقبل کی قومی قیادت تیار کرنے میں بنیادی کردار ادا کر سکتی ہے۔انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمیشن آر ایف ٹی کے چیئرمین سفیر ڈاکٹر شاہد امین خان نے نوجوانوں کی تربیت میں انسانی حقوق، شمولیت، برداشت اور ذمہ دار شہری ہونے کے شعور کی اہمیت اجاگر کی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے حقوق کے ساتھ ساتھ اپنی ذمہ داریوں سے بھی آگاہ ہونا چاہئے تاکہ وہ امن، ہم آہنگی اور معاشرتی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔یوتھ سینیٹ آرگنائزیشن آف پاکستان کے بانی ڈاکٹر شیراز خان نے کہا کہ آرگنائزیشن کا وژن ایک ترقی پسند، جامع اور بااختیار پاکستان کی تشکیل ہے جس کے لئے ہنرمند، باکردار، بااخلاق اور پیداواری نوجوان تیار کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی یوتھ ایکسچینج پروگرامز محض رسمی شرکت یا سوشل میڈیا سرگرمیوں تک محدود نہیں ہونے چاہئیں بلکہ ان کے ذریعے نوجوانوں کو علم، شراکت داری اور عملی مواقع کے ٹھوس فوائد حاصل ہونے چاہئیں۔تقریب میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری، سابق صدر محمد اعجاز عباسی، کونسل ممبر چوہدری مسعود، ایگزیکٹو ممبر ذوالقرنین عباسی، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔

 

مزید خبریں