وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی سے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عبدالصمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملاقات کی جس میں تھر کول ریلوے کنکٹیویٹی منصوبے پر جاری تعمیراتی کام
تھر کول ریلوے کنکٹیویٹی منصوبہ ملکی معیشت اور توانائی کے شعبے میں گیم چینجر ثابت ہوگا، محمد حنیف عباسی

مزید خبریں
اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی سے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عبدالصمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملاقات کی جس میں تھر کول ریلوے کنکٹیویٹی منصوبے پر جاری تعمیراتی کام، پیشرفت اور اس کی بروقت تکمیل کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران ڈی جی ایف ڈبلیو او نے وفاقی وزیر کو منصوبے کے تکنیکی اور تعمیراتی پہلوؤں پر جامع بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت تھر کول مائنز سے نیو چھور تک 105 کلومیٹر طویل نئی ریلوے لائن بچھائی جا رہی ہے جبکہ بن قاسم سے پورٹ قاسم تک تقریباً 9 کلومیٹر طویل ڈبل ٹریک کی تعمیر اور کوئلہ اتارنے (ان لوڈنگ) کی جدید ترین سہولیات کی فراہمی بھی اس اہم منصوبے کا حصہ ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ تھر کول ریلوے کنکٹیویٹی منصوبہ قومی معیشت اور توانائی کے شعبے کے استحکام کے لئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے، یہ منصوبہ تھر کے مقامی کوئلے کے ذخائر کو براہِ راست قومی ریلوے نیٹ ورک اور پورٹ قاسم سے منسلک کرے گا جس کے نتیجے میں پاور پلانٹس اور صنعتی یونٹس تک کوئلے کی محفوظ، تیز رفتار اور انتہائی کم لاگت ترسیل ممکن ہو سکے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے ملکی سطح پر مہنگے درآمدی کوئلے پر انحصار نمایاں حد تک کم ہوگا اور مقامی قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال کو بھرپور فروغ ملے گا جس سے ملکی زرمبادلہ کی بھی بچت ہوگی۔ وفاقی وزیر نے منصوبے کے تمام مراحل کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔








