چیئرمین بورڈ آف گورنرز ایوب میڈیکل انسٹی ٹیوشن پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل نے فائر سیفٹی پلان کے حوالے سے ایم سی ایچ سی بلڈنگ کادورہ کیا ، گائنی اور پیڈز وارڈز سمیت مختلف حصوں میں موجود فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ لیا
چیئرمین ایوب ٹیچنگ ہسپتال کا فائر سیفٹی پلان کے حوالے سے ایم سی ایچ سی بلڈنگ کادورہ ، انتظامات کا جائزہ لیا

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 31 اگست (اے پی پی):چیئرمین بورڈ آف گورنرز ایوب میڈیکل انسٹی ٹیوشن پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل نے فائر سیفٹی پلان کے حوالے سے ایم سی ایچ سی بلڈنگ کادورہ کیا ، گائنی اور پیڈز وارڈز سمیت مختلف حصوں میں موجود فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔ہسپتال ترجمان کے مطابق دورے کے دوران فائر ایکسٹنگوشرز، فائر الارم، فائر سیفٹی سائنز، ایگزٹ پلان اور ہنگامی راستوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ چیئرمین بی او جی نے موقع پر موجود ہسپتال انتظامیہ اور مختلف شعبوں کے سربراہان سے فائر سیفٹی کے حوالہ سے بریفنگ بھی لی۔پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل نے فائر سیفٹی کو ہسپتال میں مریضوں، تیمارداروں اور عملے کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے فائر ایکسٹنگوشرز کی تعداد بڑھانے، مزید فائر سیفٹی سائن بورڈز نصب کرنے اور نئے فائر ایگزٹ راستے بنانے کے احکامات جاری کئے۔
چیئرمین بی او جی نے خود تمام ہنگامی اور فائر ایگزٹ راستوں کا معائنہ کیا اور واضح ہدایت جاری کی کہ ہسپتال کے تمام ہنگامی راستے 24/7 مکمل طور پر کھلے اور قابلِ استعمال ہونے چاہیے، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مریضوں اور عملہ کے فوری اور محفوظ انخلامیں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ فائر سیفٹی آلات کی باقاعدگی سے چیکنگ اور مینٹیننس یقینی بنائی جائے تمام ایگزٹ پوائنٹس پر واضح سائن بورڈز نصب کیے جائیں اور فائر سیفٹی پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل نے کہا کہ ہسپتال میں فائر سیفٹی محض ایک انتظامی ضرورت نہیں بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ کا معاملہ ہے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی قابلِ قبول نہیں ہوگی۔








