گورنر سندھ سے شہزادہ قصی وجیہ الدین کی قیادت میں بوہری کمیونٹی کے وفد کی ملاقات

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے بوہری کمیونٹی کی جانب سے صحت، تعلیم، کمیونٹی ویلفیئر اور سماجی و معاشرتی بہتری کیلئے کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کمیونٹی نے نہ صرف اپنے افراد بلکہ معاشرے کے دیگر طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے بھی قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔

کراچی۔ 31 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے بوہری کمیونٹی کی جانب سے صحت، تعلیم، کمیونٹی ویلفیئر اور سماجی و معاشرتی بہتری کیلئے کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کمیونٹی نے نہ صرف اپنے افراد بلکہ معاشرے کے دیگر طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے بھی قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہارگورنر سندھ نے شہزادہ قصی وجیہ الدین کی قیادت میں آنے والے بوہری کمیونٹی کے اعلی سطحی وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔وفد میں علقمر بھائی ، آدم بھائی سمیت دیگر معززین شامل تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ سیفی اسپتال میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کینسر اور امراضِ قلب کے علاج کی سہولیات کا قیام قابلِ تحسین اقدام ہے، صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں بوہری کمیونٹی کی خدمات معاشرے کے لیے قابلِ تقلید مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنا ہی گھر سمجھیں، پاکستان کے عوام آپ سے گہرا اور دل کا تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور بوہری کمیونٹی کے بزرگوں کے درمیان بھی قریبی تعلقات رہے ہیں۔اس موقع پر شہزادہ قصی وجیہ الدین نے گورنر سندھ کو ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کا سلام پہنچاتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے ہمارا گہرا اور دل کا تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد ڈاکٹر سیدنا محمد برہان الدین اور ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کے پاکستان کے ساتھ دیرینہ اور مضبوط تعلقات ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ آپ کے توسل سے وہ ایک بار پھر ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین سے خصوصی طور پر درخواست کریں گے کہ وہ پاکستان تشریف لائیں اور ہمارے مہمان بنیں۔ انہوں نے دعا کی کہ پاکستان اور بوہری کمیونٹی کے درمیان محبت، اخوت اور باہمی تعلق کا یہ مضبوط رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ گورنر ہائو س میں جلد سیرت النبی ۖ لائبریری قائم کی جائے گی، جہاں سیرتِ طیبہۖ، اسلامی تاریخ اور دینی و علمی موضوعات سے متعلق کتب اور تحقیقی مواد دستیاب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں الجامعتہ السیفیہ کا دورہ کرنے کا موقع ملا، جہاں بہترین نظم و ضبط، شاندار لائبریری، قرآنِ پاک کے قدیم و نادر نسخوں اور دیگر تاریخی و علمی نوادرات نے انہیں متاثر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ السیفیہ میں علم، تحقیق، نظم و ضبط اور علمی ورثے کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کاوشیں قابلِ تقلید ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور بوہری کمیونٹی کے درمیان محبت، احترام اور باہمی تعاون کا رشتہ کئی دہائیوں پر محیط ہے، جسے مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی۔

مزید خبریں