نیپال میں سیلاب سے اموات 1000 سے تجاوز کر گئیں، ہزاروں افراد تاحال لاپتہ
نیپال میں سیلاب سے اموات 1000 سے تجاوز کر گئیں، ہزاروں افراد تاحال لاپتہ

مزید خبریں
کھٹمنڈو۔1ستمبر (اے پی پی):نیپال میں 26 جولائی کو آنے والے تباہ کن سیلاب سے اموات ایک ہزار سے تجاوز کر گئیں اور ہزاروں افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ بی بی سی نے نیپال کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ادارے کے حکام کے حوالے سےبتایا کہ 3,900 سے زیادہ افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن میں 600 سے زیادہ ایسے کارکن بھی شامل ہیں جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ دریائے ترشولی کے کنارے ہائیڈروپاور پراجیکٹس کی سیلاب کے باعث مٹی سے بھرجانے والی سرنگوں کے وسیع نیٹ ورک میں پھنسے ہوئے ہیں۔انجینئرز ان سرنگوں میں ہوا پہنچانے کے لیے پمپ استعمال کر رہے ہیں۔
ایک امدادی ٹیم ایک سرنگ میں داخل ہونے میں کامیاب بھی ہوئی، تاہم وہاں اسے کوئی شخص نہیں ملا جس کے بعد ٹیم واپس آ گئی۔ 33 سالہ انجینئر اوروس بھنڈاری ایک پن بجلی منصوبے کی سائٹ سے لاپتہ ہیں۔ نیپال کے وزیرِاعظم بالیندر شاہ نے بتایا کہ ان منصوبوں کی سائٹس سے 279 افراد کو بحفاظت نکالا جا چکا ہے۔
امدادی کارروائی کی قیادت چین اور نیپال کے فوجی اہلکاروں پر مشتمل ایک بین الاقوامی ٹیم کر رہی ہے جبکہ بھارت ، جنوبی کوریا اور آسٹریلیا کے ماہرین بھی امدادی سرگرمیوں میں شامل ہیں۔دریں اثنا تاس کے مطابق نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے اموات 1056 ہو گئی ہیں۔








