جونیئر ایشیاہاکی کپ کی تیاری،پاکستان نے وارم اپ میچ میں جنوبی کوریا کو شکست دے دی
جونیئر ایشیاہاکی کپ کی تیاری،پاکستان نے وارم اپ میچ میں جنوبی کوریا کو شکست دے دی

مزید خبریں
اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے جونیئر ایشیا کپ 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں کھیلے گئے وارم اَپ میچ میں جنوبی کوریا کو 2 کے مقابلے میں 5 گولز سے شکست دے دی۔پاکستانی ٹیم نے میچ کے دوران شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 5 گول سکور کئے جن میں 4 گول فیلڈ پلے جبکہ ایک گول پنلٹی کارنر کے ذریعے کیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے حمزہ فیاض، محمد احمد، بشارت اور غلام مصطفیٰ نے ایک، ایک فیلڈ گول سکور کیا جبکہ ندیم خان نے پنلٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے پاکستان کی برتری کو مستحکم کیا۔ جنوبی کوریا کی جانب سے کئے گئے دونوں گول پنلٹی کارنر کے ذریعے کئے گئے۔ میچ کے دوران پاکستان کو مجموعی طور پر 4 پنلٹی کارنرز حاصل ہوئے جبکہ کھلاڑیوں نے دفاع اور اٹیک دونوں شعبوں میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق چین کے دورے کے دوران وارم اَپ میچز کا مقصد کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں کے لئے تیار کرنا، ٹیم کمبی نیشن کو بہتر بنانا اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینا ہے۔ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم آئندہ مقابلوں میں بھی کامیابی کے لئے بھرپور تیاری اور عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔







