ڈی آئی جی ہزارہ کا سرن ویلی مانسہرہ کا دورہ ، لاپتہ ہونے والے غیر ملکی ٹریکر کی تلاش کیلئے جاری سرچ آپریشن کا جائزہ
ڈی آئی جی ہزارہ کا سرن ویلی مانسہرہ کا دورہ ، لاپتہ ہونے والے غیر ملکی ٹریکر کی تلاش کیلئے جاری سرچ آپریشن کا جائزہ

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 01 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن ناصر محمود ستی نے سرن ویلی مانسہرہ کا دورہ کیا اور لاپتہ ہونے والے غیر ملکی ٹریکر کی تلاش کیلئے جاری سرچ آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے سرچ آپریشن میں حصہ لینے والی مختلف ٹیموں کی جومختلف دشوار گزار علاقوں، پہاڑی مقامات، گھنے جنگلات اور ممکنہ راستوں پر جاری تلاش کے عمل کی نگرانی کی۔ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان نے جاری سرچ آپریشن کے حوالے سے ڈی آئی جی ہزارہ کو تفصیلی آگاہ کیا۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے مختلف مقامات پر جاری آپریشن کا براہِ راست جائزہ لیتے ہوئے افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کی جنہوں نے نامساعد موسمی حالات، شدید بارش، دشوار گزار پہاڑی راستوں اور گھنے جنگلات کے باوجود لاپتہ غیر ملکی ٹریکر کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری رکھاہوا ہے۔
ڈی آئی جی ہزارہ نے اس موقع پر ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ لاپتہ غیر ملکی ٹریکر کی تلاش کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں سرچ آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے، ممکنہ گزرگاہوں، پہاڑی ڈھلوانوں، جنگلاتی علاقوں اور دیگر مشتبہ مقامات کو باریک بینی سے سرچ کیاجائے۔موسم کی سختی اور دشوار گزار جغرافیائی حالات کے باوجود سرچ آپریشن کو ہر ممکن حد تک مؤثر اور منظم انداز میں جاری رکھا جائے۔ تمام ٹیمیں باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں اور سرچ کے دوران حاصل ہونے والی ہر اہم اطلاع کو فوری طور پر حکام تک پہنچائے۔
ڈی آئی جی ہزارہ نے مقامی لوگوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے لاپتہ غیر ملکی ٹریکر کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سیاح ہمارے ملک کے مہمان ہوتے ہیں اور انکی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ گمشدہ سیاح کی بحفاظت تلاش ہماری ذمہ داری ہے ،مقامی افراد سرچ ٹیموں کا ساتھ دیں اور سرچ آپریشن میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں تاکہ لاپتہ سیاح کو جلد از جلد تلاش کیا جا سکے ،اگر انہیں کسی بھی مقام پر مشکوک سرگرمی، سامان، قدموں کے نشانات یا لاپتہ سیاح سے متعلق کوئی اطلاع ملے تو فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔







