شہید بینظیرآباد میں 7 روزہ خصوصی انسدادِ پولیو مہم 21 ستمبر سے شروع ہو گی
شہید بینظیرآباد میں 7 روزہ خصوصی انسدادِ پولیو مہم 21 ستمبر سے شروع ہو گی

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 02 ستمبر (اے پی پی):شہید بینظیرآباد میں7 روزہ خصوصی انسدادِ پولیو مہم 21 ستمبر سے شروع ہو گی ،جو 27 ستمبر تک جاری رہے گی۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا، جس میں ستمبر میں شروع ہونے والی خصوصی انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات، ٹیموں کی تشکیل، سکیورٹی، مائیکرو پلاننگ، ویکسین کی دستیابی اور عوامی آگاہی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لیے محکمہ صحت، پولیس، تعلیم اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مکمل تعاون کے ساتھ فرائض انجام دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مہم کے دوران کوئی بھی پانچ سال سے کم عمر بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے اور ہر یونین کونسل میں مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پولیو ٹیموں کی تربیت، مائیکرو پلانز کی بروقت تکمیل، ویکسین کی دستیابی اور کولڈ چین برقرار رکھنے، ٹیموں کی سکیورٹی، حساس علاقوں میں خصوصی نگرانی اور مسڈ چلڈرن کی فہرستیں اپ ڈیٹ کرنے کی بھی ہدایات دیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومتی اداروں کے ساتھ والدین، اساتذہ، علما ، سول سوسائٹی اور میڈیا کا تعاون بھی انتہائی اہم ہے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مدثر حسین ڈومکی اور پولیو فوکل پرسن ڈاکٹر آفتاب خاصخیلی نے بتایا کہ ضلع شہید بینظیرآباد میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی، اس دوران پانچ سال سے کم عمر کے 3 لاکھ 57 ہزار 304 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مہم کے لیے 1,073 موبائل، 22 ٹرانزٹ اور 68 فکسڈ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیو ٹیموں کی تربیت، مائیکرو پلانز کی تیاری اور دیگر انتظامات پر کام جاری ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صدام حسین میمن، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی ذاکر حسین سموں، ڈی ایس پی درتابش سمیت محکمہ صحت، تعلیم، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔








