وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت طالبات و ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک سکوٹیز فراہمی سے متعلق اجلاس
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت طالبات و ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک سکوٹیز فراہمی سے متعلق اجلاس

مزید خبریں
پشاور۔ 02 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت بدھ کے روز طالبات و ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک سکوٹیز فراہمی سے متعلق اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔وزیر اعلیٰ ہائوس پشاور تر جمان کے مطابق وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک سکوٹیز فراہم کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔پہلے مرحلے میں پشاور کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو صوبائی حکومت کی جانب سے مفت الیکٹرک سکوٹیز فراہم کی جائیں گی۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے پہلے مرحلے کے تحت سکوٹیز کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو متعلقہ حکام کی جانب سے خصوصی بریفنگ دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کا انتخاب کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔انہوں نے منصوبے پر عملدرآمد کے لیے سٹیئرنگ کمیٹی، ٹیکنیکل ورکنگ گروپ اور گریونس ریڈریسل کمیٹی فوری طور پر نوٹیفائی کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ کی مفت الیکٹرک سکوٹیز کی فراہمی کے منصوبے کو مکمل فنڈز فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں منصوبے کو صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مفت الیکٹرک سکوٹیز منصوبے سے طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو بااختیار اور خودمختار بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ سکوٹیز سے تعلیم اور روزگار تک خواتین کی محفوظ اور آسان رسائی یقینی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ماحول دوست الیکٹرک سکوٹیز منصوبے سے فضائی آلودگی میں کمی لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مفت الیکٹرک سکوٹیز منصوبہ خواتین کی معاشی خودمختاری کو فروغ دے گا۔انہوں نے کہا کہ انسانوں پر سرمایہ کاری، خواتین کی ترقی، خوداعتمادی اور بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔








