چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام کی فلسطین کے سفیر سے ملاقات، باہمی تعاون، نوجوانوں کے لئے تعلیمی مواقع اور فلسطینی عوام کیلئے پاکستان کی حمایت کے حوالے سے گفتگو

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام کی فلسطین کے سفیر سے ملاقات، باہمی تعاون، نوجوانوں کے لئے تعلیمی مواقع اور فلسطینی عوام کیلئے پاکستان کی حمایت کے حوالے سے گفتگو

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زہیر محمد حماداللہ زید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور فلسطین کے درمیان باہمی تعاون، نوجوانوں کے لئے تعلیمی مواقع اور فلسطینی عوام کے لئے پاکستان کی حمایت کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔بدھ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے فلسطینی سفیر کا وزیراعظم آفس میں پرتپاک استقبال کیا۔

ملاقات میں دونوں جانب سے متعلقہ حکام اور نمائندگان نے شرکت کی۔فلسطینی سفیر نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے فلسطینی نوجوانوں کو پاکستان کی میڈیکل یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کی دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس اقدام پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام پاکستان کی مسلسل حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور مستقبل میں پاکستان کے مزید تعاون کے خواہاں ہیں۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے اور فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی استطاعت کے مطابق فلسطین کے عوام، نوجوانوں اور بچوں کے لئے ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کرے گا خاص طور پر ان شعبوں میں جہاں انہیں ضرورت ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان بھی فلسطینی نوجوانوں اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور پاکستان فلسطین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ملاقات میں نوجوانوں اور طلبہ کے لئے تعلیمی مواقع بڑھانے، باہمی روابط کو فروغ دینے اور پاکستان و فلسطین کے درمیان عوامی سطح پر تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔