وزیراعلی مریم نوازکی زیر صدارت اجلاس ، مثالی گائوں پراجیکٹ سے متعلق امورکا جائزہ

وزیراعلی پنجاب مریم نوازکی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں مثالی گائوں پراجیکٹ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے ساڑھے تین ہزارسے زائد دیہات میں سیوریج، ڈرینج اور پکی گلیوں کے پراجیکٹ تیزی سے جاری ہیں۔

لاہور۔2ستمبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نوازکی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں مثالی گائوں پراجیکٹ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے ساڑھے تین ہزارسے زائد دیہات میں سیوریج، ڈرینج اور پکی گلیوں کے پراجیکٹ تیزی سے جاری ہیں۔ وزیراعلی نے مثالی گائوں کیلئے کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشن متعارف کر ادی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر، کمیونٹی ہیلتھ موبلائزر، سیکرٹری یونین کونسل، ہیڈ ماسٹر اور دیگر متعلقین کودیہی پراجیکٹ میں شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر ارکان اسمبلی کورورل ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری سونپنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلی نے پنجاب کے دیہات میں ڈرینج اور سیوریج کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا حکم دیا اور گاوں کی گلیاں پکی اور خوبصورت بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ٹوٹی پھوٹی گلیوں اور گندے پانی کی مشکلات سے دوچار نہیں دیکھ سکتی۔ہر گائوں اور دیہات میں ڈرینج، سیوریج اور پکی گلیوں کی سہولت حکومت کی ذمہ داری ہے، دیہات کے لوگوں کا بھی وسائل پر پورا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مثالی گائوں پراجیکٹ میرے دل کے بہت قریب ہے،ہر گائوں کی حالت بدلنا چاہتی ہوں۔