وزیراعظم یوتھ پروگرام، ایزمر اور کاروٹ سسٹمز کے درمیان لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط
وزیراعظم یوتھ پروگرام، ایزمر اور کاروٹ سسٹمز کے درمیان لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط

مزید خبریں
اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام، ایزمر اور کاروٹ سسٹمز کے درمیان لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کئے گئے ہیں۔ جمعرات کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم یوتھ پروگرام اور ایزمر و کاروٹ سسٹمز کے کنسورشیم کے درمیان وزیراعظم آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کی ترقی کے لئے باہمی تعاون کے مختلف امکانات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں تعلیم، ہنرمندیوں کی ترقی، کاروباری صلاحیتوں کے فروغ، ڈیجیٹل تعلیم، استعدادِ کار میں اضافے اور نوجوانوں کی اخلاقی و کردار سازی کے حوالے سے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جس کا مقصد ملک کے نوجوانوں کے لئے مزید بہتر مواقع پیدا کرنا ہے۔
دستخط کی تقریب میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے شرکت کی جس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام اور ایزمر و کاروٹ سسٹمز کے کنسورشیم کے نمائندگان موجود تھے۔ یہ شراکت داری مستقبل میں نوجوانوں کے لئے مشترکہ پروگرامز اور سرگرمیوں کے آغاز کے لئے ایک باہمی فریم ورک فراہم کرے گی۔ایزمر ایک کنسلٹنگ اور ٹریننگ ادارہ ہے جو تنظیمی اخلاقیات، استعدادِ کار میں اضافے، ہنرمندیوں کی ترقی، کاروباری تربیت، موٹیویشنل پروگرامز اور ادارہ جاتی تربیت کے شعبوں میں خدمات فراہم کرتا ہے جبکہ کاروٹ سسٹمز آئی ٹی کنسلٹنگ اور ٹریننگ کے شعبے میں کام کرنے والا ادارہ ہے جو ڈیجیٹل تعلیم، آئی ٹی انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی کے استعمال اور کمپیوٹر لٹریسی ٹریننگ میں مہارت رکھتا ہے۔
دونوں ادارے مل کر تربیت، ڈیجیٹل تعلیم، استعدادِ کار اور ہنرمندیوں کی ترقی کے شعبوں میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔شراکت داری میں تعاون کے اہم شعبوں میں تعلیم، استعدادِ کار میں اضافہ، آئی ٹی اور ڈیجیٹل مہارتیں، اساتذہ اور طلبہ کی تربیت، کاروباری صلاحیتوں کا فروغ، ہنرمندیوں کی ترقی، کیریئر کونسلنگ، ڈیجیٹل لرننگ، صحت و ماحولیاتی آگاہی، اخلاقی و کردار سازی اور تعلیم میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سمیت دیگر شعبے شامل ہیں۔
اس شراکت داری کے ذریعے ایسے جدید پروگرامز اور اقدامات کے امکانات تلاش کئے جائیں گے جو نوجوانوں کے لئے تعلیمی اور سیکھنے کے مواقع کو بہتر بنانے، روزگار کے لئے ضروری مہارتیں پیدا کرنے اور کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں۔فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے نوجوانوں کے لئے ایسے بامقصد اقدامات کو فروغ دیا جائے گا جو انہیں ہنرمند،باصلاحیت، ذمہ دار اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے میں معاون ہوں۔







