قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کی ناروے کے بادشاہ ہاکون ہشتم کو تخت ناروے سنبھالنے پر دلی مبارکباد

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کی ناروے کے بادشاہ ہاکون ہشتم کو تخت ناروے سنبھالنے پر دلی مبارکباد

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے ناروے کے بادشاہ ہاکون ہشتم کو تخت ناروے سنبھالنے پر دلی مبارکباد دی ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ناروے کے نئے بادشاہ کے نام اپنے خط میں قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں ناروے امن، جمہوریت، خوشحالی اور سماجی ترقی کی راہ پر مزید آگے بڑھتا رہے گا۔

انہوں نے بادشاہ ہاکون ہشتم کے لیے ناروے کے خودمختار سربراہ کی حیثیت سے ان کے سپرد کی گئی اہم ذمہ داریوں کو احسن انداز میں آگے بڑھانے میں کامیابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور ناروے کے درمیان دیرینہ دوستی اور باہمی احترام کے رشتوں کا اعادہ کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک اور ان کے عوام کے درمیان گرمجوش اور دوستانہ تعلقات آنے والے برسوں میں مزید گہرے اور مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ پارلیمانی تعاون میں فروغ اور عوامی سطح پر روابط میں اضافہ ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اہم ذرائع ثابت ہوں گے۔